پاکستانی شیعہ خبریں

زائرین کی خدمت ہمارے لئے اعزاز ہے، علامہ مقصود ڈومکی

شیعہ نیوز: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ کوئٹہ باب الرضا علیہ السلام ہونے کے سبب تمام عاشقان اہل بیت علیہم السلام اور سفر عشق کے مسافروں کی منزل گاہ ہے۔ یہ بات انہوں نے صوبائی جنرل سیکریٹری علامہ سہیل اکبر شیرازی کے ہمراہ سبیل شہزادہ علی اصغر علیہ السلام پہنچ کر زائرین کی خدمت میں مصروف افراد کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہی۔ مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ سٹی کے جنرل سیکرٹری حاجی غلام حسین اخلاقی اور دیگر افراد کی جانب سے علمدار روڈ کوئٹہ پر ایام اربعین کے زائرین کی خدمت کے لئے سبیل باب الحوائج شہزادہ علی اصغر علیہ السلام کا اہتمام کیا گیا ہے۔ جہاں زائرین کی خدمت کے لئے نوجوان رضاکار ایام اربعین میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے خادمین کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ زائرین کی خدمت ہمارے لئے اعزاز ہے اور کوئٹہ کے شہریوں کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ کربلا معلیٰ اور مشہد مقدس کے راستے میں ہونے کے سبب زائرین کرام کے خادم ہیں۔

انکا کہنا تھا کہ کوئٹہ باب الرضا علیہ السلام ہونے کے سبب تمام عاشقان اہل بیت علیہم السلام اور سفر عشق کے مسافروں کی منزل گاہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کے مومنین کرام ایک دفعہ پھر زائرین کربلا معلیٰ کی خدمت کی تیاریاں کر رہے ہیں اور اس عظیم نعمت پر ہم بارگاہ خداوندی میں شکر گزار ہیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ سہیل اکبر شیرازی نے کہا کہ ہم مجلس وحدت مسلمین کے تمام کارکن زائرین کی خدمت کو اپنے لئے بہت بڑا اعزاز اور عبادت سمجھتے ہیں۔ ای ڈبلیو ایم کوئٹہ کے کابینہ اراکین حاجی غلام حسین اخلاقی، غلام فرید اور تمام کارکنوں و دیگر خدمت گاروں کی پر خلوص خدمت لائق صد تحسین ہے۔ کوشش ہے کہ ایام اربعین پر زائرین کے لئے فری میڈیکل کیمپ کا اہتمام کیا جائے۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ کے جنرل سیکرٹری حاجی غلام حسین اخلاقی نے ایام اربعین میں کوئٹہ میں آنے والے زائرین کے مسائل اور خادمین زوار کی خدمات پر روشنی ڈالی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button