اربعین حسینی (چہلم) پر عراق جا نے والے پاکستانی زائرین کیلئے بڑی خوشخبری
ملاقات میں پاکستانی زائرین کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی۔ ملاقات میں سیکرٹری داخلہ خرم علی آغا اور ایڈیشنل سیکرٹری رفعت مختار راجہ بھی موجود تھے
شیعہ نیوز: اربعین حسینی(چہلم) پر عراق جا نے والے پاکستانی زائرین کیلئے بڑی خوشخبری سامنے آگئی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے عراق کے پاکستان میں سفیر حامد عباس لفتہ نے اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ ہوائی سفر سے عراق جانیوالے پاکستانی زائرین سے داخلے پر پاسپورٹ نہیں لئے جائیں گے، اربعین کے موقع پر ٹریول ایجنٹوں کی بجائے عراقی سفارتخانہ خود زائرین کو ویزے جاری کرے گا۔
ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ اربعین کے موقع پر پاکستانی زائرین کے کوٹہ میں اضافہ کیا جائے گا، رواں سال گزشتہ برس سے زیادہ ویزے جاری کئے جائیں گے جبکہ اربعین کے موقع پر زائرین کی سہولت کیلئے سپیشل پروازوں کے آغاز پر بھی اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ زائرین کی مزید سہولت کیلئے کراچی میں عراقی قونصلیٹ کو دوبارہ اوپن کرنے کیلئے آج ہی تمام معاملات حل کر لئے جائیں گے اور وزارت داخلہ اس ضمن میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی، اربعین کے موقع پر پاکستانی زائرین کیلئے ویزا فیس ختم کرنے کیلئے وزیر داخلہ اپنے عراقی ہم منصب سے ٹیلی فون پر رابطہ کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور، امامیہ آرگناٸزیشن کے زیراہتمام قائد شہید علامہ سید عارف حسین الحسینیؒ کی 36ویں برسی
ملاقات میں عراق میں قید پاکستانیوں کی وطن واپسی کے متعلق بھی گفتگو کی گئی۔ محسن نقوی نے کہا کہ اس ضمن میں عراق میں پولیس لائنزن آفیسر تعینات کیا جائے گا، زائرین سے زائد فیس چارج کرنیوالے ایجنٹوں کیخلاف بھرپور ایکشن لیا جائے گا۔ ملاقات میں ڈپلومیٹک اور آفیشل پاسپورٹ پر ویزا کی چھوٹ کے معاہدہ کو جلد از جلد حتمی شکل دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے زائرین کی سہولت کیلئے اقدامات پر عراقی وزیر داخلہ اور عراقی سفیر کا شکریہ ادا کیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ ہوائی سفر سے عراق جانیوالے زائرین سے پاسپورٹ نہ لینے کے فیصلے سے بہت سہولت ملے گی۔ عراقی سفیر نے کہا کہ پاکستانی زائرین کو دیگر ممالک کے مساوی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ اس موقع پر عراقی سفیر نے عراقی وزیر داخلہ کی جانب سے وزیر داخلہ محسن نقوی کو عراق دورے کا دعوت نامہ بھی پیش کیا۔
ملاقات میں پاکستانی زائرین کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی۔ ملاقات میں سیکرٹری داخلہ خرم علی آغا اور ایڈیشنل سیکرٹری رفعت مختار راجہ بھی موجود تھے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے فوری طور پر وفاقی وزیر ایوی ایشن خواجہ محمد آصف سے رابطہ کیا اور عراقی ائیر لائن کو آج سے ہی خصوصی پروازیں چلانے کی اجازت دینے پر اتفاق کیا۔ عراقی ائیر لائن کو آج ہی باضابطہ طور پر خصوصی پروازیں چلانے کی اجازت دے دی جائے گی۔ پی آئی اے کی بھی خصوصی پروازیں عراق کیلئے چلائی جائیں گی۔ حتمی شیڈول کل تک جاری کر دیا جائے گا۔