اس بار اسرائیلی دفاع کیلئے (عرب ممالک کا) اتحاد بنانا مشکل ہے، امریکی حکام
شیعہ نیوز: امریکہ کے اس بلند و بانگ دعوے کے باوجود کہ پورا مغرب و مغربی ایشیا، مزاحمتی محاذ کے مقابلے میں غاصب صیہونی رژیم کے ساتھ کھڑا ہے؛ واشنگٹن کے باخبر ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ غیرقانونی صیہونی رژیم کا دفاع انتہائی کٹھن کام ہے۔ رپورٹ کے مطابق امریکی چینل اے بی سی نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے متعدد امریکی حکام نے اعلان کیا ہے کہ اس وقت اسرائیل کے دفاع کے لئے (عرب ممالک کا) اتحاد بنانے میں واشنگٹن کو انتہائی زیادہ مشکلات کا سامنا ہے۔ اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر امریکی حکام نے اے بی سی کو مزید بتایا کہ امریکہ کے بہت سے بین الاقوامی شراکتدار غاصب اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کے اکثر اقدامات، خاص طور پر ایران میں اسمعیل ہنیہ کی ٹارگٹ کلنگ کو غیر ضروری اور اشتعال انگیز سمجھتے ہیں۔ امریکی حکام سے نقل کرتے ہوئے امریکی چینل نے یہ اعلان بھی کیا کہ امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن نے اتوار کے روز گروپ آف 7 کے وزرائے خارجہ کے ساتھ گفتگو میں متنبہ کیا تھا کہ ایران و حزب اللہ کا ردعمل آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں میں شروع ہو سکتا ہے۔