عوامی رہنماؤں پر ایف آئی آر کا اندراج حالات خراب کرنے کی سازش ہے، شیخ احمد نوری
شیعہ نیوز: ممبر جی بی کونسل و پولیٹیکل سیکریٹری مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان شیخ احمد علی نوری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں عوامی حقوق کے لیے آواز بلند کرنے پر مجلس وحدت مسلمین کے رہنماوں علامہ اعجاز بہشتی، شیخ فدا علی ذیشان ،انجمن امامیہ کے رکن شیخ ذولفقار انصاری، شیعہ علماء کونسل بلتستان کے رہنما شیخ احمد حسین ترابی، عوامی تحریک بلتستان کے صدر وزیر حسنین، یوتھ ایکشن کمیٹی کے رہنما آغا رضا اور دیگر مختلف افراد پر ایف آئی آر کا اندراج دانستہ طور پر خطے کے حالات خراب کرنے کی سازش ہے۔ اپنے بنیادی حقوق اور زمینوں پر قبضہ کرنے کی غیر قانونی کوشش کے خلاف آواز بلند کرنا خطے کے ہر فرد کا بنیادی حق ہے۔ اپنا یہ آئینی حق چھیننے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔ علمائے دین اور خطے کے حقوق کے علمبرداروں کے خلاف مقدمات کے اندراج کی شدید مذمت کرتا ہوں اور ان ایف آئی آر کو کالعدم قرار دینے کا مطالبہ کرتا ہوں۔ اگر اختیارات کے ناجائز استعمال کے اس سلسلے کو روکا نہ گیا تو پھر خطے کے حالات پر قابو پانا کسی کے بس میں نہیں رہے گا۔