درخت کی کمی آلودگی اور موسمیاتی تبدیلی کا باعث ہے، سہیل اکبر شیرازی
شیعہ نیوز: مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری سہیل اکبر شیرازی نے یوم آزادی کے سلسلے میں وحدت یوتھ کی جانب سے شجرکاری مہم میں حصہ لیتے ہوئے وحدت یوتھ کوئٹہ کے صدر حیدر علی کو سو درخت دیئے۔ جنہیں مختلف علاقوں میں لگایا جائے گا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ شجر کا انسانوں سے رابطہ ایک اٹوٹ انگ ہے۔ درخت ہمیں آکسیجن مہیا کرتے ہیں اور ماحول کو بہتر بنانے میں مفید ثابت ہوتے ہیں۔ شجر کاری کی کمی اور جنگلات کی اندھا دھند کٹائی نے نہ صرف ماحول کو مسموم کیا ہے، بلکہ یہ قبیح فعل ماحولیاتی آلودگیوں اور موسمی تبدیلی کا باعث بن رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ درخت ماحول میں خوبصورتی پیدا کرتے ہیں اور درجہ حرارت کو اعتدال و توازن میں رکھنے کے لئے معاون مدد گار بنتے ہیں۔ انہوں نے امام جعفر صادق علیہ السلام کے فرمان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امام نے فرمایا کہ خداوند متعال نے اپنے انبیاء اور رسولوں کے لئے درخت لگانے اور زراعت کا پیشہ انتخاب کیا تاکہ وہ آسمان کی مسلسل بارشوں سے نالاں نہ رہیں۔ بلکہ ہمیشہ خدا کی رحمت ( بارش) کا مسلسل انتظار کرتے رہیں۔ ماحولیاتی آلودگی کی روک تھام اور فضاء کو سانس لینے کے قابل بنانے کے لیے درخت لگانے کی بہت زیادہ ضرورت ہے۔