اقوام متحدہ کا غزہ کے بچوں کی ویکسینیشن کیلئے 7 روزہ جنگ بندی کا مطالبہ
شیعہ نیوز: اقوام متحدہ کے دو اداروں نے غزہ میں 7 روزہ جنگ بندی کے قیام کا مطالبہ کیا ہے تاکہ غزہ کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جاسکیں۔ فارس نیوز کے مطابق عالمی ادارہ صحت اور اقوام متحدہ کے بچوں کے فنڈ (یونیسف) نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ غزہ کے بچوں میں پولیو پھیلنے کا خطرہ موجود ہے۔ ان دونوں اداروں کی جانب سے یہ درخواست اس لیے کی گئی ہے کہ غزہ کے فضلہ میں اس بیماری کے نمونے پائے گئے ہیں اور کچھ بچوں میں اس متعدی بیماری کی علامات ظاہر ہوئی ہیں۔ یہ مہم اگست کے آخر اور ستمبر کے اوائل میں شروع کی جانی ہے اور اس کا مقصد 10 سال سے کم عمر کے 640,000 بچوں کو پولیو وائرس کی دوسری قسم (cVDPV2) سے بچاؤ کے ٹیکے لگانا ہے۔ یونیسف اور عالمی ادارہ صحت کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ویکسینیشن کی یہ مہم دو مرحلوں میں مکمل کی جائے گی، جس کے لیے غزہ کی پوری پٹی میں 2,700 صحت کے ماہرین کی ضرورت ہوگی۔