کوسٹل ہائی وے پر زائرین بس حادثہ، 9 شہداء کی میتیں لاہور پہنچ گئیں
شیعہ نیوز: بلوچستان کے علاقہ کوسٹل ہائی وے میں زائرین کی بس الٹنے کے واقعہ میں شہید ہونیوالے لاہور، گوجرانوالہ اور شیخوپورہ سے تعلق رکھنے والے 9 افراد کی میتیں ایدھی موبائل سردخانہ کے ذریعے لاہور پہنچ گئیں، جنہیں ان کے آبائی علاقہ روانہ کر دیا گیا۔ ایدھی ترجمان کے مطابق بس حادثےمیں شہید ہونیوالے زائرین میں ذیشان ولد منیر، طاہر حسین ولد عطا حسین، شفیق ولد ذوالفقار، ارمان علی ولد پرویز، حیدر علی، ذیشان ولد رمضان، غلام عباس، عباس علی ولد خادم حسین اور مظہر عباس ولد گلزار حسین شامل ہیں۔
ایدھی فاؤنڈیشن کے چیئرمین فیصل ایدھی کی ہدایات پر تمام میتوں کو ایدھی کے اسپیشل موبائل سردخانے کے ذریعے لاہور لایا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے فیصل جلال انچارج ایدھی فاونڈیشن لاہور کا کہنا تھا کہ کوسٹل ہائی حادثہ کی 9 میتیں لاہور پہنچ گئی ہیں۔ ایدھی فاونڈیشن میتیں لسبیلہ بلوچستان سے لاہور لیکر آئی ہے، تمام میتیوں کو ان کے لواحقین تک ان کے گھروں میں پہنچائیں گے۔ شہداء میں مریدکے، گوجرانوالہ اور لاہور سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہیں۔ ایڈیشنل کمشنر لاہور عبدالسلام عارف نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میتیوں کیساتھ اسسٹنٹ کمشنر خود جا رہے ہیں، جو لواحقین کو تماتر سہولیات فراہم کروانے میں کردار ادا کریں گے۔