وادی تیراہ میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 12 خوارج جہنم واصل
شیعہ نیوز: ضلع خیبر کی وادی تیراہ میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران 12 خوارج دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے 28 اور 29 اگست کو خوارج کے ٹھکانوں کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا، شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد فتنہ الخوارج کے 12 خوارج جہنم واصل ہوئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز کے وادی تیراہ میں وسیع پیمانے پر انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشنز جاری ہیں، آپریشن 20 اگست سے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کیے جارہے ہیں۔
ان کارروائیوں میں فتنہ الخوارج اور اس سے وابستہ تنظیموں کو بڑا دھچکا لگا ہے۔ 20 اگست سے اب تک 37 دہشتگردوں کو جہنم واصل جبکہ 14 دہشتگرد شدید زخمی ہو چکے ہیں۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں پائے جانے والے دیگر خوارج دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ سکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔ ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔