یوم شہادت خاتم الانیباء اور حضرت امام حسنؑ عقیدت و احترام کیساتھ منایا گیا
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کے مطابق جلوس کی سکیورٹی کیلئے فول پروف انتظامات کئے گئے تھے
شیعہ نیوز: لاہور میں یوم شہادت حضرت امام حسن علیہ السلام اور خاتم الانبیاء حضرت محمد مصطفیٰ صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کا یوم شہادت انتہائی عقیدت و احترام کیساتھ منایا گیا۔ لاہور میں اندرون موچی گیٹ سے یوم شہادتِ حضرت امام حسنؑ پر شبیہہ تابوت امام حسنؑ کا جلوس برآمد ہوا۔ جلوس کی برآمدگی سے قبل ممتاز عالم دین علامہ حسن ظفر نقوی نے مجلس عزاء سے خطاب کیا اور مصائب حضرت امام حسنؑ بیان کئے۔ حسینیہ ہال سے برآمد ہونیوالا شبیہہ تابوت کا جلوس اپنے روایتی راستوں ہوتا ہوا اندورن موچی گیٹ اختتام پذیر ہوگا۔ جلوس میں عزادار نوحہ خوانی اور ماتم کر رہے ہیں۔ زیارت محلہ شیعاں، گجر گلی، لال کھوہ، اکبری منڈی، خرادیہ محلہ،کوتوالی چوک، چوہٹہ مفتی باقر، نثار حویلی سے ہوتی ہوئی اندرون موچی گیٹ اختتام پذیر ہوئی۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کے مطابق جلوس کی سکیورٹی کیلئے فول پروف انتظامات کئے گئے تھے، جلوس کے روٹ پر 2 ہزار سے زائد افسران اور اہلکار تعینات تھے۔ سی سی پی او کا کہنا تھا کہ ایک ایس پی، 8 ڈی ایس پیز، 25 انسپکٹرز کو تعینات کیا گیا تھا، جبکہ رضاکار، ایلیٹ فورس اور اینٹی رائٹ فورس کے اہلکار بھی جلوس کے روٹ پر تعینات رہے۔ انہوں نے کہا کہ جلوس کی سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کی گئی ہے، جبکہ روٹ پر سڑکوں، گلیوں کو خاردار تاریں لگا کر بند کیا گیا تھا۔
دوسری جانب ایس پی سٹی کیپٹن (ر) علی رضا نے شہادت امام حسن علیہ السلام کے مرکزی جلوس کے روٹ کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ ایس پی سٹی کا کہنا تھا کہ جلوس کی سکیورٹی کیلئے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں، جلوس کے روٹ پر داخلی و خارجی راستوں کو سیل کیا گیا تھا۔ انہوں نے جلوس کے داخلی اور خارجی راستوں کو چیک کیا اور اہلکاروں کو ہدایت کی کہ جلوس کے گرد و نواح میں پیٹرولنگ کو مزید موثر بنائیں۔
ادھر جوہر ٹاون کے ادارہ منہاج الحسینؑ میں مجلس عزا ہوئی، جس سے عقیل محسن نقوی نے خطاب کیا اور شبیہ تابوتِ امام حسنؑ برآمد کروائی۔ جلوس مقررہ راستوں پر رواں دواں ہے جو واپس ادارہ منہاج الحسین پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔ نوحہ خواں حضرات پرسہ دے رہے ہیں جبکہ عزادار ماتم کر رہے ہیں۔ عزاداروں کی کثیر تعداد جلوس اور مجلس میں شریک ہے۔ اسی طرح لاہور کے دیگر علاقوں میں بھی مجالس عزاء اور جلوس ہائے عزاء برآمد ہو رہے ہیں۔ جلوسوں کے راستے میں شربت اور ٹھنڈے پانی کی سبیلیں لگائی گئی ہیں۔