پاکستانی شیعہ خبریں
کوئٹہ کے شیعہ نشین علاقہ ہزارہ ٹاؤن میں کانگو وائرس کی تشخیص
شیعہ نیوز: بلوچستان میں کانگو وائرس کا ایک اور کیس سامنے آگیا۔ محکمہ صحت بلوچستان کے حکام نے بتایا ہے کہ کوئٹہ کے ہزارہ ٹاؤن کے رہائشی تیس سالہ روح اللہ میں کانگو وائرس کی تصدیق ہوگئی۔ متاثرہ مریض کو آئیسولیشن وارڈ منتقل کردیا گیا تاکہ یہ وائرس دوسروں تک نہ پھیلے۔ روح اللہ کو فاطمہ جناح ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ بلوچستان کے محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ کانگو وائرس کے حوالے سے عوام کو حقائق سے آگاہ بھی کیا جارہا ہے تاکہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ محکمہ صحت اس وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے اقدامات بھی کر رہا ہے۔ سرکاری ہسپتالوں میں متعلقہ وارڈز کو بھی تیاری کی حالت میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس حوالے سے ایڈوائزری بھی جاری کردی گئی ہے اور ڈاکٹرز کے ساتھ ساتھ پیرا میڈکس کو بھی مطلع کیا جاچکا ہے۔