اہم پاکستانی خبریں

بلوچستان کی صورتحال کے پیچھے قادیانیت کی سازشیں ہیں، صاحبزادہ ابوالخیر زبیر

شیعہ نیوز: ملی یکجہتی کونسل، جمعیت علمائے پاکستان (نورانی) کے مرکزی صدر سابق رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر ابو الخیر محمد زبیر الوری الازھری نے کہا ہے کہ قادیانیوں کے بارے میں چیف جسٹس کے تفصیلی فیصلے کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے، توقع ہے کہ یہ فیصلہ مختصر فیصلے کے مطابق ہوگا ورنہ تحفظ ناموس رسالت کے لیے کسی قسم کی قربانی دینے سے گریز نہیں کریں گے اور سروں پر کفن باندھ کر باہر نکلیں گے۔ قادیانی اسلام و پاکستان کے دشمن ہیں جنہوں نے مشرقی پاکستان کا بیج بویا، آج بلوچستان کی جو صورتحال ہے اس کے پیچھے بھی قادیانیت کی سازشیں ہیں، جو کلیدی عہدوں پر بیٹھ کر ملک و قوم کے خلاف مذموم کاروائیوں میں مصروف ہیں اور بے گناہ افراد اور جوانوں کو شہید کر رہے ہیں، کلیدی عہدوں پر فائز قادیانیوں کو فی الفور برطرف کیا جائے۔

جمعیت علمائے پاکستان (نورانی)جنوبی پنجاب کے صدر محمد ایوب مغل نورانی نے قرارداد پیش کرتے ہوئے حکومت پاکستان اور چیف آف ارمی سٹاف سے مطالبہ کیا کہ کلیدی عہدوں پر فائز قادیانیوں کو فی الفور ہٹایا جائے، اگر کلیدی عہدوں پر کوئی قادیانی آیا تو ان کا گھیراو کریں گے، جماعت اہل سنت پنجاب کے ناظم اعلیٰ علامہ حافظ محمد فاروق خان سعیدی، پروفیسر پیر محمد شفیق اللہ البدری نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت ہمارے ایمان کا حصہ ہے اور عقیدہ ختم نبوت پر ہماری جانیں بھی قربان ہیں، ختم نبوت کا جب سے قانون بنا ہے اسلام و پاکستان دشمن قوتیں قادیانیت کی صورت میں سازشوں میں مصروف ہیں، تاجدار ختم نبوت پر پہرہ دینے والوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، قادیانی دائرہ اسلام سے خارج ہیں قائدین کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمیعت علمائے پاکستان (نورانی) جنوبی پنجاب کے زیراہتمام مقامی ہوٹل میں ختم نبوت گولڈن جوبلی کے سلسلے میں سالانہ عظیم الشان تاجدار ختم نبوت کانفرنس کے بڑے اجتماع سے خطاب کے دوران کیا۔ ڈاکٹر ابو الخیر محمد زبیر الوری الازھری نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے مطمئن نہیں ہیں تاہم تفصیلی فیصلے پر آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے، سات ستمبر 1974 کو قادیانی کو اقلیت قرار دلوانے کے لیے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر اکابرین نے بھرپور کردار ادا کیا اور بیش بہا قربانیاں دیں اور پارلیمنٹ کو مجبور کیا کہ قادیانی کو اقلیت قرار دیا جائے، سپریم کورٹ نے مبارک ثانی کیس میں جو فیصلہ دیا اس کی وجہ سے پوری قوم میں اضطراب پایا گیا، ملی یکجہتی کونسل، جمعیت علمائے پاکستان نورانی گروپ سمیت تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام، مشائخ عظام نے سنجیدگی سے کردار ادا کیا جس کی وجہ سے فیصلہ تبدیل ہوا، قادیانی پاکستان کو توڑنے کی سازشوں میں مصروف ہیں لیکن وہ اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button