ایران نے روس کو بلیسٹک میزائل نہیں دئیے، سید عباس عراقچی
شیعہ نیوز: امریکہ اور 3 یورپی ممالک برطانیہ، فرانس و جرمنی نے روس کو بلیسٹک میزائل دینے کا بے بنیاد الزام لگا کر ایران پر ایک بار پھر پابندی لگا دی۔ جس پر آج ایرانی وزیر خارجہ "سید عباس عراقچی” نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ و یورپ نے ایک بار پھر غلط معلومات اور نامعقول دلیل کی بنیاد پر عمل کیا۔ انہوں نے صراحت کے ساتھ کہا کہ ایران نے روس کو بلیسٹک میزائل نہیں دئیے۔ سید عباس عراقچی نے کہا کہ پابندیوں کے عادی افراد کو خود سے پوچھنا چاہئے کہ ایران کیسے جدید ترین ہتھیار بنا سکتا ہے اور آپ کے دعوے کے مطابق بیچ بھی سکتا ہے؟۔ انہوں نے مزید کہا کہ پابندیاں حل نہیں بلکہ مسائل کو بڑھاتی ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز برطانوی، فرانسوی اور جرمن وزرائے خارجہ نے اپنے ایک بیان میں اسلامی جمہوریہ ایران پر پابندی کے فیصلے سے آگاہ کیا۔ اس بیان میں بتایا گیا کہ یوکرائن تنازعہ میں مداخلت کے سبب ایران کے ساتھ دوطرفہ فضائی معاہدہ منسوخ اور ایران ائیر پر پابندی عائد کرتے ہیں۔ نیز امریکی وزارت خارجہ نے بھی روس کو بلیسٹک میزائل دینے کا الزام لگا کر ایران کی قومی پرواز ایران ائیر پر پابندی عائد کر دی۔