شہید حسن نصراللہ کی اسرائیلی حملے میں شہادت کے خلاف ایم ڈبلیوایم ،تحریک انصاف اور وحدت یوتھ کا احتجاج
شیعہ نیوز: مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع جیکب آباد وحدت یوتھ ڈویژن لاڑکانہ پاکستان تحریک انصاف جیکب آباد مجلس علماء مکتب اہل بیت اور آئی ایس او کے زیر اہتمام شہید علامہ سید حسن نصر اللہ کی شہادت پر آج دوسرے دن بھی یوم احتجاج منایا گیا۔ ملک گیر احتجاج کے موقع پر شہید اللہ بخش پارک سے ریلی نکالی گئی جو پریس کلب پہنچ کر احتجاجی جلسے میں تبدیل ہو گئی۔ اس موقع پر احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ عالم اسلام کے بہادر اور نڈر لیڈر علامہ سید حسن نصر اللہ کی دردناک شہادت پر پوری امت مسلمہ سوگوار ہے آج دنیا کے کروڑوں شیعہ سنی مسلمان اس عظیم مجاہد اسلام کو سلام عقیدت پیش کر رہے ہیں۔ جس نے اپنی پوری زندگی غاصب اسرائیل کے خلاف لڑتے ہوئے گزاری ان کی دردناک شہادت پر ہم یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ دنیا کے غیرت مند مسلمان سید حسن نصر اللہ کے خون کے ایک ایک قطرے کا غاصب اسرائیل سے بدلہ لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ شہید اسماعیل ہانیہ کے بعد سید حسن نصر اللہ کی المناک شہادت سے تحریک ازادی فلسطین میں ایک نیا جوش اور ولولہ پیدا ہوا ہے ان عظیم انسانوں کی شہادت سے تحریک آزادی فلسطین کمزور نہیں ہوگی۔ اس موقع پر ضلع صدر نذیر حسین جعفری نے کہا کہ بزدل دشمن اسرائیل نے سید مقاومت کو شہید کر کے دنیا کے کروڑوں مسلمانوں کو سوگوار کر دیا۔ مگر شہید حسن نصراللہ کی تحریک اسرائیل کی نابودی تک جاری رہے گی۔ ڈویژنل صدر وحدت یوتھ ونگ سید کامران شاہ نے کہا کہ پاکستان کے عوام فلسطین اور لبنان کے مجاہدوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ پاکستان کی حکومت بھی امریکی غلامی سے نجات حاصل کرتے ہوئے تحریک آزادی فلسطین کا بھرپور ساتھ دے۔ احتجاج سے مولانا منور حسین سولنگی اور پی ٹی آئی کے ضلعی رہنما نے بھی خطاب کیا۔