جیکب آباد، سید حسن نصراللہ کی شہادت پر تیسرے روز بھی احتجاجی ریلی
شیعہ نیوز: حزب اللہ کے سربراہ علامہ سید حسن نصر اللہ کی دردناک شہادت کے خلاف آج تیسرے دن جیک آباد کے غیور عوام کی طرف سے یوم احتجاج منایا گیا۔ اس موقع پر مرکزی امام بارگاہ سے پریس کلب تک ریلی نکالی گئی۔ ریلی کے شرکاء سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی، ایم ڈبلیو ایم کے ضلعی صدر نذیر حسین جعفری، مجلس علمائے مکتب اہل بیت کے ضلعی صدر علامہ سیف علی ڈومکی، مولانا منور حسین سولنگی، اللہ بخش میرالی اور پیپلز پارٹی شہید بھٹو کے ضلعی رہنماء نور محمد منجھو نے خطاب کیا۔ اس موقع پر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ لبنان کے بہادر رہبر اور رہنماء شہید علامہ حسن نصر اللہ کے قتل سے تحریک آزادی فلسطین مزید مضبوط اور مستحکم ہوگی۔ غاصب اسرائیل کبھی اپنے ناپاک ارادوں میں کامیاب نہیں ہوگا۔ شہید حسن نصر اللہ رہبر معظم کے دست راست اور امت مسلمہ کے قابل فخر رہنما تھے۔
انہوں نے کہا کہ قرآن کریم میں یہ اللہ تعالی کا اعلان ہے کہ ظالم اور مجرم کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے۔ کامیابی اہل ایمان کا مقدر ہے۔ وہ اللہ کی جماعت جو اللہ رسول اور صاحبان ایمان کی ولایت کی راہ پر گامزن ہے۔ وہ اللہ کی جماعت ہے اور اللہ کی جماعت یقینا کامیاب ہوگی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی شہید بھٹو کے ضلعی رہنماء نور محمد منجھو نے کہا کہ سید حسن نصر اللہ عالم اسلام کے بہادر اور نڈر لیڈر تھے۔ اسرائیل کے ظلم اور بربریت کے خلاف سید حسن نصراللہ کی جدوجہد کو ہمیشہ سنہرے حروف میں لکھا جائے گا۔ اس موقع پر خطاب کرتے مجلس وحدت مسلمین کے ضلعی صدر نذیر حسین جعفری نے کہا کہ فلسطین اور لبنان کے عوام اکیلے نہیں ہیں۔ پوری دنیا کے غیرت مند مسلمان ان کے ساتھ ہیں۔