مشرق وسطیہفتہ کی اہم خبریں

ایران نے اسرائیل پر 200سے زائد بلیسٹک میزائلوں سے حملہ کرکے صیہونیوں کے ہوش اڑادیئے

شیعہ نیوز:ایران نے لبنان میں سید حسن نصراللہ کی شہادت اور حزب اللہ کے خلاف اسرائیل کی جارحیت کا جواب دیتے ہوئے صہیونی ریاست پر 200 بیلسٹک میزائل فائر کردیے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل بھر میں الارم بجنا شروع ہوگئے اور مقبوضہ بیت المقدس، دریائے اردن کی وادی میں اسرائیلی شہریوں نے بم شیلٹرز میں پناہ لی اور دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں جب کہ سرکاری ٹیلی ویژن پر لائیو نشریات کی ذمے داریاں انجام دینے والے رپورٹرز حملوں کے دوران زمین پر لیٹ گئے۔ ایران کی پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ ایران نے اسرائیل پر سینکڑوں میزائل داغے ہیں اور اگر اسرائیل نے جوابی کارروائی کی تو تہران کا ردعمل مزید شدید اور تباہ کن ہوگا۔ فارس نیوز ایجنسی کی جانب سے جاری کردہ پاسداران انقلاب کے بیان میں کہا گیا کہ اگر صیہونی حکومت نے ایرانی حملوں پر جوابی کارروائی کی تو انہیں ایسے حملوں کا سامنا کرنا پڑے گا جو انہیں کچل کر رکھ دیں گے۔ اسرائیلی فوج کے دو عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے تقریباً 200 بیلسٹک میزائل فائر کیے گئے۔

رائٹرز کے صحافیوں نے ہمسایہ ملک اردن کی فضائی حدود میں اسرائیل کے آئرن ڈوم کی جانب سے میزائلوں کو روکتے ہوئے دیکھا جبکہ اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کی جانب سے 100 میزائل داغے گئے۔ اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ ایران سے بیلسٹک میزائل فائر کیے گئے ہیں، ہمیں امریکا نے ایران کی جانب سے ممکنہ میزائل حملے سے خبردار کیا تھا اور ایران کی جانب سے میزائل حملےکے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینیئل ہاگری نے ٹیلی ویژن خطاب میں کہا کہ اسرائیلی فوج ایرانی حملے کا دفاع اور جوابی کارروائی کے لیے پوری طرح تیار ہے اور ایسا بروقت کیا جائے گا۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ابھی تک ایرانی حملے میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے بتایا کہ ایران سے میزائل داغے گئے اور پورے ملک بھر میں سائرن سنائی دے رہے ہیں۔ مقبوضہ مغربی کنارے کے رام اللہ سے رپورٹ کرتے ہوئے فلسطینی صحافی محمد خیری کا کہنا ہے کہ آسمان میں درجنوں میزائل مغرب کی طرف مقبوضہ بیت المقدس اور اسرائیل کی طرف جاتے دیکھے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے الجزیرہ عربی کو بتایا کہ میزائل تقریباً بلا تعطل جا رہے ہیں جب کہ سائرن بھی بج رہے ہیں جو اسرائیل کے بڑے علاقوں میں سنے جا سکتے ہیں۔

ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے اہم اسرائیلی فوجی اڈوں، ایئرپورٹس،فوجی تنصیبات او رعسکری ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے میں اسرائیل کو ناقابل تلافی جانی ومالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button