شہداء کی یاد حرکت انگیز اور حیات بخش ہے، آیت اللہ خامنہ ای
شیعہ نیوز: رہبر معظم انقلاب نے شہدائے مازندران کی یاد میں منعقدہ کانگریس کے شرکاء سے ملاقات میں فرمایا کہ شہداء کی یاد کو زندہ رکھنا چاہیے کیونکہ شہداء زندہ ہوتے ہیں اور ان کی یاد بھی حرکت انگیز اور حیات بخش ہوتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق رہبر معظم انقلاب اسلامی کی صوبہ مازندران کے 14500 شہداء کی یاد میں منعقدہ کانگریس کے منتظمین کے ساتھ ملاقات میں کئے گئے بیانات کا متن آج شائع کیا گیا ہے۔
اس ملاقات میں آیت اللہ خامنہ ای نے صوبہ مازندران کو مختلف مراحل میں انقلاب کے لئے ہمہ جہت قربانیوں کے لحاظ سے سرفہرست صوبہ قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ مازندران کے عوام انقلاب مخالف عناصر کے خلاف، دفاع مقدس، دفاع حرم اور ہر اس میدان میں کہ جہاں قربانی اور فداکاری کی ضرورت تھی، موجود رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : صہیونی جنایات کا نتیجہ اس خونخوار بھیڑیے کے صفحہ وجود سے خاتمے کی صورت میں نکلے گا، رہبر معظم
انہوں نے شہداء کو ہر دور کے لئے یکساں اہمیت اور افادیت کا حامل ایک لازوال خزانہ قرار دیتے ہوئے مزید کہا کہ ہر شہید کی زندگی ایسے حالات اور واقعات سے معمور ہوتی ہے جو بالآخر اسے شہادت کے مقام پر فائز ہونے میں مددگار ہوتے ہیں، لہذا ان واقعات کو نہایت عرق ریزی کے ساتھ ان کی زندگیوں سے اخذ کرکے انہیں کتابوں، فلموں،سیریل، پینٹنگز، مجسموں اور کہانیوں کی شکل میں مخاطبین بالخصوص نوجوانوں تک منتقل کیا جائے۔
رہبر معظم انقلاب نے امام خمینی رح کے اس فرمان کہ "محرم اور صفر ہی ہیں جنہوں نے اسلام کو زندہ رکھا ہے” کو شہداء اور ان کی یاد کو زندہ رکھنے کا نتیجہ جانتے ہوئے مزید کہا کہ شہداء کی یاد کو زندہ رکھنا چاہیے کیونکہ شہداء زندہ ہوتے ہیں، ان کی یاد اور تذکرہ بھی حرکت انگیز اور حیات بخش ہوتا ہے۔