سلامتی کونسل کی صیہونی حکومت کے وزیر خارجہ کے جارحانہ بیانات کی مذمت
شیعہ نیوز: اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے صیہونی حکومت کے وزیر خارجہ کے حالیہ بیانات کے خلاف موقف اختیار کیا۔
فلسطین الیوم ویب سائٹ نے بتایا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اسرائیلی وزیر خارجہ یسرائیل کاٹز کے حالیہ بیانات پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ان کے موقف کی مذمت کی ہے۔
اس حوالے سے سلامتی کونسل کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور انہیں ناپسندیدہ عنصر قرار دینے کے حوالے سے اسرائیل کے حالیہ موقف کی مذمت کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : یمنی مزاحمتی فورسز نے بحیرہ احمر میں برطانوی بحری جہاز تباہ کردیا
قبل ازیں صیہونی وزیر خارجہ اسرائیل کاٹز نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو ناپسندیدہ عنصر قرار دیا تھا۔
صیہونی حکومت کے وزیر خارجہ نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل مقبوضہ فلسطین کے خلاف کل رات کے ایران کے حملے پر ردعمل کی وجہ سے ناپسندیدہ عنصر ہیں۔
اسرائیلی وزارت خارجہ نے کاٹز کے حوالے سے کہا کہ یہ فیصلہ اس وقت کیا گیا جب گوٹیرس نے گزشتہ رات ایران کے میزائل حملے کے بعد اپنے پیغام میں ایران کا ذکر نہیں کیا اور اس کی جارحیت کی واضح الفاظ میں مذمت نہیں کی۔
صیہونی حکومت کے وزیر خارجہ نے دعویٰ کیا کہ گوتریس نے غزہ جنگ اور اب ایران کے حملوں کی حمایت کی۔ اس بیان میں کاٹز نے دعویٰ کیا کہ جو کوئی بھی واضح طور پر ایران کے حملے کی مذمت نہیں کرسکتا وہ مقبوضہ فلسطینی سرزمین پر قدم رکھنے کا حق نہیں رکھتا۔