وارثان شہداء نے انصاف کے لئے ہر ریاستی ادارے کا دروازہ کھٹکھٹایا، مگر انہیں کہیں سے انصاف نہیں ملا،علامہ مقصودڈومکی
شیعہ نیوز : مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ نو سال گزر جانے کے باوجود سانحہ شب عاشورا جیکب آباد کے شہداء کے خون سے انصاف نہیں کیا گیا۔ وارثان شہداء نے انصاف کے لئے ہر ریاستی ادارے کا دروازہ کھٹکھٹایا، مگر انہیں کہیں سے انصاف نہیں ملا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیکب آباد میں شہدائے سانحہ شب عاشور جیکب آباد کی نویں برسی کے سلسلے میں نے وارثان شہداء کے ساتھ نشست کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ سانحہ شب عاشور کی نویں برسی کی مناسبت سے عظمت شہداء کانفرنس 23 اکتوبر کو مقتل شہداء جیکب آباد پر منعقد ہوگی۔ عظمت شہداء کانفرنس سے علماء کرام اور تنظیمی رہنماء خطاب کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ شہداء سانحہ شب عاشور کا پاکیزہ لہو یزیدیت کی ذلت و رسوائی کا سبب بنا۔ شہداء ہمارے محسن ہیں اور زندہ قومیں اپنے محسنوں کو ہمیشہ یاد رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہید کی مثال اس شمع کی طرح ہے جو خود جل کر محفل بشریت کو روشنی عطا کرتی ہے۔ ہم نے شہدائے راہ حق کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نو سال گزر جانے کے باوجود سانحہ شب عاشورا جیکب آباد کے شہداء کے خون سے انصاف نہیں کیا گیا۔ وارثان شہداء نے انصاف کے لئے ہر ریاستی ادارے کا دروازہ کھٹکھٹایا، مگر انہیں کہیں سے انصاف نہیں ملا۔ سانحہ جیکب آباد کے حوالے سے پولیس ڈپارٹمنٹ میں موجود کالی بھیڑوں نے دہشت گردوں کے لئے سہولت کار کا کردار ادا کیا۔ علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ عظمت شہداء کانفرنس میں جیکب آباد کے سیاسی، سماجی اور مذہبی رہنماء شریک ہوں گے اور شہداء ملت کی برسی کے موقع پر شہداء کی یاد میں شمعیں روشن کی جائیں گی۔