امریکہ اسرائیل کو مسلسل تباہ کن ہتھیار فراہم کر رہا ہے، روس
شیعہ نیوز: اقوام متحدہ میں روسی نمائندے واسیلی نیبنزیا نے خبردار کیا ہے کہ امریکہ غیرقانونی و سفاک صیہونی رژیم کو تاحال وسیع مقدار میں تباہ کن ہتھیار فراہم کر رہا ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایک اجلاس کے دوران واسیلی نیبنزیا کا کہنا تھا کہ امریکہ نہ صرف غاصب صیہونی رژیم کو تاحال بھاری مقدار میں ہتھیار ارسال کر رہا ہے بلکہ اس غاصب رژیم کے گھناؤنے جنگی جرائم پر بھی پردہ ڈال رہا ہے۔ روسی خبررساں ایجنسی اسپتنک کے مطابق اعلی روسی سفارتکار نے زور دیتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن، بین الاقوامی برادری کی رائے سے قطع نظر، اپنے مشرق وسطی کے اہم اتحادی کو باقاعدگی کے ساتھ تباہ کن ہتھیار فراہم اور اسے سیاسی کور فراہم کرتا ہے اور سلامتی کونسل کی تمام کوششوں میں رکاوٹ ڈالتا ہے لہذا وہ اس بے رحم جنگی مشین کے عام فلسطینی شہریوں کے خلاف انجام پانے والے تمام جنگی جرائم کا ذمہ دار ہے۔
اقوام متحدہ میں روس کے نمائندے نے مزید کہا کہ اسرائیل کو یقینی طور پر سلامتی کا حق حاصل ہے لیکن اس مقصد کے حصول کا راستہ بلا شبہ مشرق وسطی کے مسائل کے جامع حل کا عمل، فلسطین کے سلسلے میں تاریخی ناانصافیوں کی اصلاح اور سلامتی کونسل و اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے فیصلوں کے مطابق ایک آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ہے۔