دہشتگرد گروہوں کی افغانستان میں محفوظ پناہ گاہیں ہیں، پاکستان
شیعہ نیوز: امور خارجہ اور داخلی صورتحال پر بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ برازیل، روس، بھارت، چین اور جنوبی افریقہ (برکس) پر مشتمل تنظیم کے حوالے سے بتایا کہ پاکستان نے برکس میں شمولیت کی خواہش کا اظہار کیا ہے، پاکستان برکس کی رکنیت کے لیے تمام شرائط مکمل کرتا ہے۔ اوٹاوا کی جانب سے بھارت کے وزیرِ داخلہ امیت شاہ پر کینیڈا کی سر زمین پر سکھ علیحدگی پسند رہنما کو نشانہ بنانے کے منصوبے کا الزام عائد کرنے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا تھا کہ پاکستان بارہا عالمی برادری کی توجہ بھارت کی دیگر ممالک میں ماورائے عدالت قتل عام پر دلاتا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 2019 میں پاکستان نے بھارت سے تجارت معطل کی تھی، پڑوسی ملک کے ساتھ تجارت کے حوالے سے ابھی بھی وہی پوزیشن برقرار ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا تھا کہ پاکستان کسی دوسرے ملک کے اندرونی معاملات میں نہ مداخلت کرتا ہے نہ ہی اپنے معاملات میں مداخلت پسند کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چینی باشندوں کو بھرپور تحفظ کی فراہمی کیلئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں چینی باشندے ہمارے اہم مہمان ہیں، پاکستان یہاں چینی باشندوں، منصوبوں اور کمپنیوں کو بھرپور تحفظ و سلامتی کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چینی سفیر کا نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار کو جواب سفارتی آداب کے خلاف نہیں تھا۔ ترجمان دفتر خارجہ زلمے خلیل زاد کے بیان پر رد عمل دینے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ ہم کسی فرد، جو سرکاری حیثیت نہ رکھتا ہو کے بیان پر تبصرہ نہیں کرتے۔ ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گرد گروہوں کی سرگرمیوں پر سنجیدہ تشویش کا اظہار کیا ہے، ان دہشت گرد گروہوں کی افغانستان میں محفوظ پناہ گاہیں ہیں۔