یکم نومبر گلگت بلتستان کے تابناک ماضی کی یاد تازہ کرتا ہے،پارلیمانی لیڈر ایم ڈبلیوایم گلگت بلتستان کاظم میثم
گلگت بلتستان کے عوام کی قربانیوں کا ستتر سال بعد بھی صلہ نہیں ملتا اور آج بھی حقوق اور تشخص سے محروم ہے۔
شیعہ نیوز : مجلس وحدت مسلمین کے پارلیمانی لیڈر اوراپوزیشن لیڈر گلگت بلتستان اسمبلی کاظم میثم نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ یکم نومبر گلگت بلتستان کے تابناک ماضی کی یاد تازہ کرتا ہے، جب یہاں کے غیور عوام نے اس خطے کو آزاد کرایا۔ گلگت بلتستان کی تاریخ اپنے پرکھوں کی قربانیوں سے بھری پڑی ہے۔ گلگت بلتستان کی عوام نے یکم نومبر پر الگ ریاست کا جھنڈا اس وقت کے سامراج سے نبرآزما ہوکر ابتدا میں گلگت میں لہرایا بعد میں مرحلہ وار پورے گلگت بلتستان میں آزادی کی تحریک کامیابی سے ہمکنار ہوئی۔ جنگ آزادی گلگت بلتستان ہمارے جوانوں کو حوصلہ دیتی ہے کہ عزائم بلند ہو اور ٹھان لی جائے تو کوئی بھی ہدف حاصل کیا جا سکتا ہے۔ گلگت بلتستان کے عوام کی قربانیوں کا ستتر سال بعد بھی صلہ نہیں ملتا اور آج بھی حقوق اور تشخص سے محروم ہے۔
اپوزیشن لیڈر کا مزید کہنا تھا کہ یکم نومبر کا دن تقاضا کرتا ہے کہ اس خطے کے عوام کو انکی امنگوں کے مطابق تشخص دیا جائے۔ قومی اداروں میں نمائندگی دے کر بیگانوں کا سا سلوک ختم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام اپنی تفریق کو ختم کریں اور شعوری سفر کو مزید تیز کریں تو یہاں کے حقوق اور تشخص کو کوئی روک نہیں سکتا۔ یکم نومبر اجداد کی قربانیوں سے تجدید عہد اور اس خطے کو تعمیر و ترقی کے لیے تعصبات کو ختم کرنے کے لیے عزم نو کا دن ہے۔