وزیر تجارت پنجاب کی ایرانی تجارتی وفد سے ملاقات، تجارت بڑھانے پر اتفاق
شیعہ نیوز: ایرانی قونصل خانے میں صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین نے ایرانی قونصل جنرل مہران مواحد فر اور ایران سے آئے ہوئے تجارتی وفد سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ماہر اقتصادیات اور ایران کی وزارت داخلہ کے ایڈوائزر رحیم ساقی، ڈائریکٹر پنجاب سرمایہ کاری بورڈ عمران ہاشمی، ایران اور پنجاب کے سرمایہ کار موجود تھے۔ ملاقات میں گزشتہ ملاقاتوں کے دوران باہمی تعاون اور تجارت کے حوالے سے طے پانیوالے امور پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ ملاقات میں ادویہ سازی، زراعت، صحت، انرجی اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئے تیزی سے اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔ ایران کی ٹریکٹر بنانے والی تبریز کمپنی نے چوہدری شافع حسین کو دورہ ایران کی دعوت بھی دی۔
چودھری شافع حسین نے کہا کہ پنجاب میں ادویہ سازی، توانائی اور زرعی آلات کی مینو فیکچرنگ کا بڑا پوٹینشل موجود ہے، جبکہ ایران اور پاکستان کی فارماسیوٹیکل کمپنیوں کو اشتراک کیلئے تیزی سے آگے بڑھنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کی ٹریکٹر سازی کی تبریز کمپنی پنجاب میں ٹریکٹر کی اسمبلنگ کا پلانٹ لگائے، ہرممکن سہولت دیں گے، ملاقاتوں میں طے پانیوالے امور کے نتائج کے حصول کیلئے فالو اپ ضروری ہے۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے ایرانی قونصل جنرل مہران مواحد فر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران کے مابین برادرانہ تعلقات قائم ہیں، تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ دوطرفہ تجارتی تعاون کو فروغ دیا جائے، جبکہ دوطرفہ تجارت بڑھانے کیلئے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کیساتھ مختلف شعبوں میں تجارتی تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں، جبکہ باہمی روابط اور ملاقاتوں سے تجارتی تعاون کو فروغ ملے گا۔