مستونگ میں بچوں کے سکول پر بم دھماکہ دہشتگردوں کا بزدلانہ اورشرمناک اقدام ہے، علامہ سید علی اکبر کاظمی
انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم متحد ہے اور وہ وطن عزیز کی سلامتی اور استحکام کیلئے ہر قسم کی قربانی دے رہے ہیں
شیعہ نیوز: مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ پنجاب کے صدر علامہ سید علی اکبر کاظمی نے لاہور میں میڈیا گفتگو کے دوران کہا کہ مستونگ میں بچوں کے سکول پر بم دھماکہ دہشتگردوں کا بزدلانہ اقدام ہے، یہ دہشت گرد وطن عزیز کا امن خراب کرنا چاہتے ہیں اور نسلی بنیادوں پر نسلی فسادات کروانا چاہتے ہیں، ان کا مقصد بیرونی ایجنڈے پر وطن عزیز کے عوام میں خوف و ہراس پیدا کرنا ہے اور ان کو گھروں تک محدود کرنا ہے، لیکن پاکستان کے عوام کسی صورت بھی ان دہشتگردوں کو کامیاب ہونے نہیں دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم متحد ہے اور وہ وطن عزیز کی سلامتی اور استحکام کیلئے ہر قسم کی قربانی دے رہے ہیں، بلوچی ہو سندھی ہو پنجابی ہو یا پٹھان ہو، سب ایک زنجیر پاکستان کا حصہ ہیں، اور سب کی حفاظت کرنا ہمارے تمام سکیورٹی اداروں کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ وطن عزیز میں ہر طرف خوف و ہراس ہے، کوئی کسی کو کوئی خبر نہیں کہ وہ شام کو گھر لوٹے گا یا نہیں آخر کار ہمارے سکیورٹی ادارے کیا اپنے فرائض نبھا رہے ہیں؟ کیا یہ بم دھماکہ سکیورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان نہیں؟ حالانکہ سکیورٹی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ عوام الناس کا خیال رکھیں، ان کی حفاظت کریں، ان کے جان و مال کی حفاظت یقینی بنائیں، لیکن آئے دن ملک میں کچھ نہ کچھ کہیں نہ کہیں سانحہ رونما ہو جاتا ہے۔
علامہ علی اکبر کاظمی نے کہا کہ اس کا جواب کون دے گا؟ اس کی ذمہ داری کیا موجودہ حکومت پر نہیں آتی؟ کیا حکومتی ادارے سکیورٹی فورسز کیا کر رہی ہیں؟ ہم مستونگ میں بچوں کے سکول پر دھماکے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور حکومت وقت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ جلد ازجلد دہشت گردوں کو گرفتار کیا جائے اور ملک میں امن و امان کی صورتحال کو بحال کیا جائے۔