مرکزی نائب صدرشیعہ علماءکونسل علامہ عارف واحدی کی مولانا فضل الرحمٰن سے ملاقات
اس دوران قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو بھی ہوئی
شیعہ نیوز : شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی نے جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی اور مولانا کو پانچ سال کے لئے جے یو آئی کا مرکزی امیر منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کی۔ اس دوران قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو بھی ہوئی۔ قائد محترم نے انکو امیر منتخب ہونے پر مبارکباد دی، باہمی رابطے جاری رکھنے پر اتفاق ہوا، عنقریب دونوں راہنماؤں میں ملاقات بھی متوقع ہے۔
مولانا فضل الرحمان اور علامہ عارف حسین واحدی کے درمیان مختلف ملکی اور عالمی امور پر گفتگو ہوئی۔ علامہ واحدی نے چھبیسویں ترمیم میں مولانا کے مثبت کردار اور سوسائٹیز ترمیمی ایکٹ پر ان کی کاوشوں کو سراہا۔ غزہ اور جنوبی لبنان کی صورتحال پر مولانا صاحب نے اتحاد امت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صیہونی ریاست، امریکہ اور ان کے اتحادی شہید اسماعیل ہنیہ، سید حسن نصراللہ، یحییٰ سنوار اور سید ہاشم صفی الدین کو شہید کرتے ہیں تو شیعہ سنی میں فرق نہیں رکھتے تو ہم کیوں فرق رکھیں۔
یہ بھی پڑھیں:مجلس وحدت مسلمین ہر محاذ پر ملت کے حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے،علامہ مقصود ڈومکی
اس غاصب ریاست کے مقابلے میں جو بھی مزاحمت کر رہے ہیں، ہمارے لئے قابل قدر ہیں۔ دونوں راہنماؤں نے کرم/پاراچنار میں امن کے قیام پر زور دیا اور مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم سب ملکر ضلع کرم میں پائیدار امن کے قیام کے لئے مشترکہ کوشش کریں گے اور ان شاء اللہ بہتر حل نکالنے میں کامیاب ہوں گے۔