دفاعی شعبے میں پاکستان اور ایران کے درمیان اعلیٰ سطحی ہم آہنگی پائی جاتی ہے، بریگيڈیئر جنرل حجت اللہ قریشی
ایران اور پاکستان سرحدی علاقوں میں بدامنی اور دھشتگردی سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر بھی کام کر رہے ہیں جس سے خطے میں امن و سلامتی کو یقینی بنایا جا رہا ہے
شیعہ نیوز: اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر دفاع بریگيڈیئر جنرل حجت اللہ قریشی نے پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد پہنچنے پر کہا ہے کہ تہران اور اسلام آباد کے درمیان اعلیٰ سطحی ہم آہنگی پائی جاتی ہے اور دونوں ممالک دفاعی میدان میں تعاون کی نئی راہیں کھولنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خوش قسمتی سے ایران اور پاکستان کے درمیان طویل عرصے سے اعلیٰ ترین سطح پر ہم آہنگی اور مکمل تعاون پایا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی سینٹ میں صہیونیت کی تبلیغ اور علامات کی نمائش پر سزا کا بل منظور
انہوں نے مزید کہا کہ ہم ایک دوسرے کے ساتھ دفاعی اور سیکیورٹی شعبیوں میں تعاون کر رہے ہیں۔ ایران کے نائب وزیر دفاع بریگيڈیئر جنرل حجت اللہ قریشی نے کہا کہ ان کے اس دورے کا مقصد پاک ایران تعاون کو مزید مضبوط بنانا اور مزید فروغ دینا ہے۔
جنرل حجت اللہ قریشی نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان انسداد دہشت گردی کے حوالے سے بھی اچھی ہم آہنگی پائی جاتی ہے اور دونوں ممالک مشترکہ سرحدوں کی سلامتی اور استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں کر رہے ہیں جو آئندہ بھی جاری رہیں گی۔ جنرل حجت اللہ قریشی نے مزید کہا کہ ایران اور پاکستان سرحدی علاقوں میں بدامنی اور دھشتگردی سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر بھی کام کر رہے ہیں جس سے خطے میں امن و سلامتی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔