اہم پاکستانی خبریں

بنوں؛ چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش، فائرنگ کے تبادلے میں 6 خوارج ہلاک، 12جوان شہید

شیعہ نیوز:بنوں میں چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش کرنےو الے دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 6 خوارج مارے گئے جب کہ 12 جوان شہید ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 19 نومبر کو خوارج نے ضلع بنوں کے علاقے ملی خیل میں ایک مشترکہ چیک پوسٹ پر حملہ کرنے کی کوشش کی، اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 6 خوارج جہنم واصل ہوگئے۔

 

سکیورٹی فورسز کی مؤثر مزاحمت کے باعث خوارج چیک پوسٹ میں داخل نہیں ہوسکے، جس پر انہوں نے بارود سے بھری ایک گاڑی کو چیک پوسٹ کی بیرونی دیوار سے ٹکرا دیا۔ خودکش دھماکے کے نتیجے میں دیوار کا ایک حصہ گر گیا اور ارد گرد کا انفرا اسٹرکچر بھی متاثر ہوگیا۔

خودکش دھماکے میں 12 بہادر سپوت شہید ہوگئے، جن میں 10 سکیورٹی فورسز کے جوان اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کے 2 اہلکار شامل ہیں۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور اس گھناؤنے عمل کے ذمے داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ پاکستان کی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔ ہمارے بہادر جوانوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے بنوں میں خوارجی دہشتگردوں کے حملے میں 12 جوانوں کی شہادت پر اِظہار افسوس کیا ہے۔ انہوں نے دفاع وطن میں جان کا نذرانہ پیش کرنے پر پاک فوج کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ پوری قوم مادر وطن کی سلامتی کے لیے جامِ شہادت نوش کرنے والوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ صدر مملکت نے دہشتگردی کی لعنت کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا اور دہشتگردی کے واقعے میں شہادت پانے والے جوانوں کے لیے بلندی درجات کی دعا ۔ صدر مملکت نے شہدا کے لواحقین کے ساتھ اظہار افسوس اور ان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔v
بنوں میں خوارجی دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے 44 سالہ صوبیدار عمران احمد فاروقی کا تعلق ضلع گوجرانوالہ سے ہے۔ انہوں نے 25 سال پاک فوج میں رہتے ہوئے دفاع وطن کا فریضہ سرانجام دیا۔ صوبیدار عمران احمد فاروقی نے سوگواران میں اہلیہ، بیٹا اور بیٹی چھوڑے ہیں۔
29 سالہ حوالدار محمد جاوید اقبال شہید کا تعلق ضلع سرگودھا سے ہے۔ انہوں نے 14 سال پاک فوج میں رہتے ہوئے دفاع وطن کا فریضہ سرانجام دیا۔ انہوں نے سوگواران میں اہلیہ ، 4 بیٹے اور ایک بیٹی شامل چھوڑے ہیں۔
34 سالہ نائیک طہماس احمد شہید کا تعلق ضلع ایبٹ آباد سے ہے۔ انہوں نے 15 سال پاک فوج میں گزارے۔ نائیک طہماس احمد شہید کے سوگواران میں والدین، اہلیہ اور ایک بیٹی شامل ہیں۔
39 سالہ نائیک باسط فرید شہید کا تعلق ضلع ہری پور سے ہے۔ انہوں نے 17 سال تک دفاع وطن کا مقدس فریضہ سرانجام دیا۔ نائیک باسط فرید شہید کے سوگواران میں والد، اہلیہ اور بیٹا شامل ہیں۔
33 سالہ سپاہی صفدر علی شہید کا تعلق ضلع بارکھان سے ہے۔ سپاہی صفدر علی شہید نے 13 سال پاک فوج میں گزارے۔ ان کے سوگواران میں اہلیہ ، بیٹا اور بیٹی شامل ہیں۔
32 سالہ سپاہی اسد بشیرشہید کا تعلق ضلع کوہلو سے ہے۔ سپاہی اسد بشیر شہید نے 13 سال تک وطن عزیز کا دفاع کیا۔ ان کے سوگواران میں والدین اور اہلیہ شامل ہیں۔
38 سالہ سپاہی اعجاز حسین شہید کا تعلق ضلع ڈیرہ غازی خان سے ہے۔ سپاہی اعجاز حسین شہید نے 13 سال پاک فوج میں گزارے۔ ان کے سوگواران میں اہلیہ، 2 بیٹیاں اور ایک بیٹا شامل ہیں۔
23 سالہ سپاہی عاطف خان شہید کا تعلق ضلع میانوالی سے ہے۔ انہوں نے ایک سال پاک فوج میں گزارا۔ سپاہی عاطف خان شہید کے سوگواران میں والدین شامل ہیں۔
30 سالہ سپاہی امان اللہ شہید کا تعلق ضلع کرک سے ہے۔انہوں نے 8 سال تک وطن عزیز کا دفاع کیا۔ سپاہی امان اللہ شہید کے سوگواران میں اہلیہ، 3 بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔
22 سالہ سپاہی شاہ زمان شہید کا تعلق ضلع لوئر دیر سے ہے۔ انہوں نے پاک فوج میں ایک سال گزارا۔ سپاہی شاہ زمان شہید کے سوگواران میں والدین شامل ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button