کے پی کے حکومت کا کرم میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تعیناتی کا فیصلہ
امن برقرار رکھنے کے لئے کرم کے تمام اہم مقامات پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دستے تعینات کئے جائیں گے
شیعہ نیوز: خیبر پختونخوا حکومت نے کرم میں امن و امان کے قیام اور عوام کے تحفظ کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تعیناتی کا فیصلہ کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے زیر صدارت کرم کی صورتحال پر اجلاس منعقد ہوا، جس میں چیف سیکرٹری، آئی جی پی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اور دیگر نے شرکت کی۔ حکام کی طرف سے وزیر اعلی کو کرم کی تازہ صورتحال پر بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ کرم میں متحارب فریقین کے درمیان 10 دنوں کے لئے سیز فائر ہوا ہے، مسلئے کے پر امن حل کے لئے مذاکرات کا عمل جاری ہے۔
یہ بھی پرھیں: عمران خان اور بشری بی بی سمیت 300 افراد کیخلاف مقدمہ درج
بریفنگ میں بتایا گیا کہ امن برقرار رکھنے کے لئے کرم کے تمام اہم مقامات پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دستے تعینات کئے جائیں گے، علاقے میں ہونے والی نقصانات کے ازالے کے لئے نقصانات کا تخمینہ لگایا جائے گا جبکہ علاقے میں محفوظ نقل و حمل کے لئے سکیورٹی پلان اور ایس او پیز جاری کئے جارہے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ فریقین کے درمیان جنگ بندی خوش آئند اقدام ہے، علاقے میں پائیدار امن کے قیام اور تنازعات کے حل کے لئے مذاکرات کا راستہ اختیار کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں ہونے والی مالی نقصانات کا ازالہ ترجیحی بنیادوں پر کیا جائے تاکہ متاثرین کے نقصانات کا جلد مداوا ہوسکے۔
یہ بھی پڑھیں: لاشیں گرا کر فتح کا جشن منانا انسانیت نہیں، کاظم میثم
انہوں نے ہدایت کی کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کو مالی امداد کی ادائیگیاں جلد یقینی بنایا جائے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ علاقے میں پائیدار امن کا قیام صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے، صوبائی حکومت اس مقصد کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔