شہید حسن نصر اللہ اور شہید صفی الدین کی نمازہ جنازہ 23 فروری کو ادا کی جائے گی
شیعہ نیوز: حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل نے اعلان کیا ہے کہ شہید سید حسن نصر اللہ اور ہاشم صفی الدین کی نماز جنازہ 23 فروری کو ادا کی جائے گی۔
رپورٹ کے مطابق لبنان کی حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے اپنے خطاب کے آغاز میں کہا کہ آج میں شہید مقاومت سید حسن نصر اللہ کی تشییع جنازہ اور جنوبی لبنان کی صورت حال کے بارے میں بات کروں گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم فلسطینی مزاحمت القسام کے کمانڈر محمد الضیف اور ان کے نائب مروان عیسی کی شہادت پر فلسطینی قوم کو تعزیت اور اسیروں کی رہائی پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : لاہور، ایم ڈبلیو ایم کا مستحق بچیوں کی اجتماعی شادیاں کروانے کا اعلان
حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل نے تاکید کی کہ یہ فلسطینی قوم کی حقیقی فتح تھی۔ اس سلسلے میں فلسطینی قوم اور مزاحمت کے تمام حامیوں کو مبارک باد ہو۔
انہوں نے کہا کہ لبنانی حکومت کے کندھوں پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اسرائیلی دشمن کی طرف سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا سختی سے نوٹس لے۔ یہ صرف جنگ بندی کی خلاف ورزی نہیں ہے بلکہ کھلی جارحیت ہے اور لبنانی حکومت کو اس سے فیصلہ کن طور پر نمٹنا چاہیے اور جنگ بندی کے ضامن کے طور پر امریکہ پر دباؤ ڈالا جائے۔
نعیم قاسم نے زور دیا کہ مزاحمت ایک راستہ اور ایک آپشن ہے اور ہم اپنے پلان کے مطابق صحیح وقت پر عمل کریں گے۔ امریکہ، اسرائیل اور بعض بیرونی ممالک کی حمایت سے داخلی حملے ہو رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم مطلق فتح کی بات نہیں کر رہے، اس جنگ میں جیت اور ہار تھی، امریکہ خطے میں اسرائیل کے تمام جرائم میں شریک ہے اور اس پر دباؤ ڈالا جانا چاہیے۔” اسلامی مزاحمت نے صبر کا مظاہرہ کیا ہے تاکہ حکومت کو فرصت دی جا سکے۔ ہم نے شہید مقاومت سید حسن نصر اللہ اور دیگر شہداء کو کھو دیا اور یہ میدان جنگ کے ہمارے حقیقی نقصانات ہیں۔ ہماری مزاحمت سربلند ہے۔ مزاحمتی مجاہدین کی طرف سے بے مثال استقامت کا مظاہرہ کیا گیا۔ اگر ہم یہ کہنا چاہیں کہ انہوں نے لبنان کو آزاد کرایا تو ہمیں قبول کرنا پڑے گا کہ لبنانی قوم مزاحمت کے ساتھ تھی۔
شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ اسرائیل جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتا ہے اور اسے کسی چیز کی پرواہ نہیں ہے، لبنانی قوم ملک کی فوج اور مزاحمت کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور یہی بڑی قربانی ہے۔
انہوں نے عوامی تحریک کو مزاحمت اور لبنانی فوج کی تکمیل قرار دیتے ہوئے کہا: جنوب نے مزاحمت کی وسیع تصویر پیش کی اور اعلان کیا کہ اسرائیل لبنان کے جنوب میں قابض کے طور پر نہیں رہ سکتا۔ سب کو معلوم ہونا چاہیے کہ کسی بھی سطح کی قربانی لبنانی سرزمین کی آزادی اور اسرائیل کے انخلاء کا باعث بنے گی۔
حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ جو بھی اصولوں پر کاربند رہے گا وہ سرکشوں کے دباؤ میں آکر ہتھیار نہیں ڈالے گا۔ ہمیں امریکہ کی پیروی کرنے کا لالچ نہیں ہے۔ ہم ہتھیار نہیں ڈالیں گے اور ہرگز تسلیم نہیں ہوں گے اور اسلامی مزاحمت باقی رہے گی۔ ہم اپنے نظرئے سے ہرگز دستبردار نہیں ہوں گے، کیونکہ یہ حق پر مبنی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سید حسن نصر اللہ مشکل حالات میں شہید ہوئے اور ان کی تدفین ممکن نہیں تھی۔
انہوں نے سید حسن نصراللہ کی نماز جنازہ کے بارے میں اعلان کیا کہ ہم نے 23 فروری 2025 بروز اتوار کو نماز جنازہ اور مراسم تشییع کا فیصلہ کیا ہے۔ اسی دن سید ہاشم صفی الدین کی تشییع بھی جنرل سیکرٹری کے طور پر ہو گی کیونکہ ہم نے سید حسن نصر اللہ کی شہادت کے چار دن بعد انہیں جنرل سیکرٹری منتخب کیا تھا اور وہ حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل کی حیثیت سے شہید ہوئے۔
شیخ نعیم قاسم نے مزید کہا کہ سید حسن نصر اللہ اور سید ہاشم صفی الدین کی تشییع جنازہ ہوگی اور شعار ہوگا "میں اپنے عہد پر قائم ہوں۔
ہم سب سے گزارش کرتے ہیں کہ اس موقع پر ہوئی فائرنگ نہ کی جائے نہ اس سے پہلے اور نہ ہی تدفین کے مقام پر، کیونکہ یہ حرکتیں قابل مذمت ہونے کے ساتھ لوگوں کی ایذا رسانی کا باعث بھی ہیں۔