
امام جعفر صادق ؑ تمام علوم کے منبع و مرکز تھے، علامہ ساجد نقوی
علم و اسلام سے عقیدت رکھنے والے انسان حضرت امام جعفر صادق ؑ کے علوم، کردار، سیرت اور اصولوں کا مطالعہ کریں، ان پر عمل کرنے کی کوشش کریں اور ان سے مخلصانہ استفادہ کریں تو ایک بار پھر دنیا میں علم کا غلبہ ہوگا اور جہالت کا خاتمہ ہوگا جس سے انسانیت کو درپیش تمام مسائل حل ہوں گے
شیعہ نیوز: سربراہ شیعہ علماء کونسل پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے امام ششم حضرت امام جعفر صادق ؑ کے یوم شہادت 25 شوال المکرم کی مناسبت سے پیغام میں کہا ہے کہ امام تمام علوم کے منبع و مرکز تھے آپؑ کے وضع کئے ہوئے قواعد اور اصول آج بھی تمام مسالک اور مکاتب فکر کے لیے رہنماء کی حیثیت رکھتے ہیں، آپؑ کے علوم سے ہر علم دوست اور شعور کے حامل انسان نے استفادہ کیا۔ علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ آپؑ نے اپنے والد گرامی قدر حضرت امام محمد باقر ؑ سے براہ راست حصول علم اور کسب فیض کیا اور اپنے جد امجد امیرالمومنین حضرت علیؑ اور پیغمبر گرامی قدرۖکے عطا کردہ علوم کے حامل قرارپائے۔
یہ بھی پڑھیں: امام جعفر صادق علیہ السلام کی علمی و سماجی خدمات
آپؑ نے اپنے دور میں علم کا دعوی کرنے والے ہر شخص کو لاجواب کیا اور اسلام کے حوالے سے پھیلائی گئی تمام غلط فہمیوں کو اپنے علم کی بنیاد پر دور کیا۔ آپؑ کے شاگردوں میں بہت سے نامورشخصیات شامل ہیں، جنہوں نے اپنے اپنے ادوار میں اپنے شعبے کے حوالے سے عوام کی رہنمائی میں نام پید اکیا۔ علم و اسلام سے عقیدت رکھنے والے انسان حضرت امام جعفر صادق ؑ کے علوم، کردار، سیرت اور اصولوں کا مطالعہ کریں، ان پر عمل کرنے کی کوشش کریں اور ان سے مخلصانہ استفادہ کریں تو ایک بار پھر دنیا میں علم کا غلبہ ہوگا اور جہالت کا خاتمہ ہوگا جس سے انسانیت کو درپیش تمام مسائل حل ہوں گے۔