
وطن عزیز کی اقتصادی ترقی اور خوشحالی محنت کشوں کی انتھک کوششوں کے بغیر ممکن نہیں،سینیٹر علامہ راجہ ناصرعباس
انہوں نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ لیبر ڈے کو عملی اقدامات کے عزم کے طور پر منایا جائے، بدقسمتی سے ملک میں چیک اینڈ بیلنس کا نظام سرے سے موجود ہی نہیں ہے
شیعہ نیوز : چیئرمین مجلس وحدٹ مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے عالمی یوم مزدور کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مزدوروں کی عزت اور وقار کا تحفظ ہم سب کا فرض ہے، مزدور اللہ کا دوست ہے، جس کی محنت کا جائز معاوضہ وقت پر دینا لازم ہے، وطن عزیز کی اقتصادی ترقی اور خوشحالی محنت کشوں کی انتھک کوششوں کے بغیر ممکن نہیں، آج بھی وطن عزیز میں مزدوروں کی بڑی تعداد استحصال، جبری مشقت اور خطرناک حالات میں کام کرنے پر مجبور ہے، حکومتیں اپنی ہی اعلان کردہ کم از کم ماہانہ اجرت کی پالیسی پر عمل نہیں کروا سکتیں ہیں، آج کسان کی مشکلات کا ادراک نہ کرنے والے وطن عزیز کو معاشی دلدل میں دھکیل رہے ہیں، مزدوروں پر سرمایہ داروں کی جانب سے استحصال پر مبنی ہتھکنڈوں کا جواب دینے کی ٹھوس حکمت عملی اپنائی جائے، بیرونی ممالک میں بھی اپنے محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے اور انکے مسائل کو حل کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں : پاک فوج نے لائن آف کنٹرول پر ایک ہی روز میں بھارتی فوج کے 2 کواڈ کاپٹر مار گرائے
انہوں نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ لیبر ڈے کو عملی اقدامات کے عزم کے طور پر منایا جائے، بدقسمتی سے ملک میں چیک اینڈ بیلنس کا نظام سرے سے موجود ہی نہیں ہے، مہنگائی کا شکار سب سے زیادہ مزدور طبقہ ہوتا ہے، جو بھی نئی حکومت آتی ہے، اس کی ترجیحات میں مزدوروں کے حقوق شامل نہیں ہوتے، ہماری ٹریڈ یونینز کو بہت کمزور کردیا گیا ہے، پاکستان میں جمہوریت مضبوط نہیں ہے، جب بھی کوئی آمر یا آمرانہ سوچ پر مبنی حکومت آتی ہے وہ لیبر اور ٹریڈ یونینز پر حملہ آور ہوتی ہے، ان سرمایہ داروں کو مزدوروں کی مشکلات سے کوئی سروکار نہیں ہے، محنت کشوں کی یہ مانگ رہی ہے کہ تمام سیاسی پارٹیاں پارلیمنٹ میں اپنا کردار آئین کی روشنی میں ادا کریں اور محنت کشوں کو انصاف فراہم کرنے کا مشترکہ لائحہ عمل اپنائیں، تاکہ ملک بھر کے اداروں میں انصاف کی رٹ قائم ہو سکے۔