
غزہ کی ناکہ بندی، نیتن یاہو کے اقدامات شرمناک ہیں، فرانسیسی صدر
شیعہ نیوز: فرانسیسی صدر نے غزہ کی ناکہ بندی پر اسرائیل کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے یورپ سے پابندیاں لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے اسرائیلی وزیر اعظم نتن یاہو کی غزہ میں جاری پالیسیوں کو شرمناک قرار دیتے ہوئے ان پر سخت تنقید کی ہے۔
انہوں نے یورپی ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل پر پابندیاں عائد کرنے کے بارے میں سنجیدگی سے غور کریں۔
یہ بھی پڑھیں : جکارتہ میں اسلامی ممالک کی پارلیمنٹ کا اجلاس
ٹی وی چینل کو دیے گئے ایک انٹرویو میں صدر میکرون نے کہا کہ نیتن یاہو جو کچھ کر رہے ہیں وہ شرمناک ہے۔ اسرائیل کی موجودہ پالیسی جس کے تحت پانچ لاکھ فلسطینی شدید بھوک اور انسانی بحران کا شکار ہیں، ناقابلِ قبول اور بنیادی انسانی اصولوں کے خلاف ہے۔
اگرچہ فرانس اسرائیل کا روایتی حامی سمجھا جاتا ہے تاہم فرانسیسی حکام کے حالیہ بیانات اس بات کی علامت ہیں کہ پیرس اپنی ساکھ بچانے اور بین الاقوامی سطح پر انسانی حقوق کے تقاضے پورے کرنے کی کوشش کررہا ہے۔
میکرون کا یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب مارچ سے غزہ کا دوبارہ محاصرہ اور صہیونی حکومت کی جانب سے مسلسل حملوں اور ناکہ بندی کے باعث مصر کی سرحد پر کھڑی ہزاروں امدادی گاڑیاں اب تک داخلے کی منتظر ہیں، لیکن انہیں اجازت نہیں دی جا رہی۔
فرانسیسی صدر نے زور دیا کہ یورپ کو اسرائیل پر دباؤ بڑھانے کے لیے مزید سنجیدہ اور ٹھوس اقدامات کرنے چاہئیں، جن میں اقتصادی پابندیاں بھی شامل ہوں۔
انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں اور بعض مغربی حکومتوں کی جانب سے اسرائیل کی غزہ پالیسیوں پر تنقید میں حالیہ دنوں میں شدت آئی ہے۔ صدر میکرون کے بیانات اس عالمی ردعمل کا تسلسل قرار دیے جارہے ہیں۔