
غزہ پر حملے بند نہ ہوئے تو جوابی اقدام کریں گے، برطانیہ، فرانس اور کینیڈا کی اسرائیل کو سخت وارننگ
شیعہ نیوز: برطانیہ، فرانس اور کینیڈا کے سربراہان مملکت نے خبردار کیا ہے کہ اگر اسرائیل نے اپنے فوجی حملے اور امدادی رکاوٹیں بند نہ کیں تو وہ عملی اقدام کریں گے۔
رپورٹ کے مطابق، غزہ پر صہیونی حکومت کی جارحیت میں اضافے کی وجہ سے اسرائیل کے روایتی طور پر حامی ممالک بھی تل ابیب کے خلاف صدائے احتجاج بلند کررہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق برطانیہ، فرانس اور کینیڈا کے رہنماؤں ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ غزہ میں امدادی سامان فراہم کی اجازت دینے کے حوالے سے اسرائیلی حکومت کا یہ اعلان ہرگز کافی نہیں۔ ہم اسرائیل سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فوری طور پر اپنی فوجی کارروائیاں بند کرے اور امدادی سامان کے داخلے کی مکمل اجازت دے۔
یہ بھی پڑھیں : یمن نے اسرائیل کے خلاف گھیرا مزید تنگ کردیا، حیفا بندر بھی اہداف میں شامل
بیان میں مزید کہا گیا کہ غزہ میں عام شہریوں کو درکار بنیادی امداد کی فراہمی سے اسرائیل کا انکار ناقابل قبول ہے۔ ہم اسرائیلی کابینہ کے بعض ارکان کی نفرت انگیز زبان اور جبری بے دخلی کی دھمکیوں کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ جبری ہجرت بین الاقوامی انسانی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔
یورپی رہنماؤں نے واضح کیا کہ وہ مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کے تحت ایک آزاد فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
ڈوئچہ ویلی کے مطابق تینوں ممالک نے واضح طور پر خبردار کیا ہے کہ اگر اسرائیل نے نئی فوجی جارحیت نہ روکی اور امداد کی فراہمی پر پابندیاں جاری رہیں تو وہ جوابی اقدام کریں گے، تاہم اس اقدام کی نوعیت کی وضاحت نہیں کی گئی۔