
بی یو جے کا صحافی پر تشدد میں ملوث وکلاء کیخلاف کارروائی کا مطالبہ
شیعہ نیوز: اپنے جاری بیان میں بی یو جے نے اعلان کیا کہا صھافی پر تشدد میں ملوث وکلاء کیخلاف قانونی کارروائی تک وکلاء کی پریس کانفرنسز اور دیگر سرگرمی کی کوریج کا بائیکاٹ کرینگے۔
رپورٹ کے مطابق بلوچستان یونین آف جرنلسٹس نے کوئٹہ میں ضلع کچہری کے قریب نجی ٹی وی چینل کے رپورٹر حنیف بازئی پر وکلاء کی جانب سے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے وکلاء کے پریس کانفرنسز و دیگر سرگرمیوں کی کوریج کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : یمن سے صہیونی دشمن کے قلب پر ایک اور بیلسٹک حملہ، بن گوریون ائیرپورٹ بند
بی یو جے کے بیان میں کہا گیا کہ اس واقعے میں نہ صرف صحافی کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا، بلکہ آزادی صحافت، آئینی حقوق اور انسانی وقار کو بھی پامال کیا گیا۔ وکلاء نے صحافی پر ضلعی کچہری کے باہر اس وقت حملہ کیا جب وہ وہاں کوریج کے لیے موجود تھے۔
وکلاء نے صحافی سے موبائل فون اور ٹی وی لوگو بھی چھین لیا اور وہاں موجود دیگر صحافیوں کے ساتھ بھی تضحیک آمیز رویہ اختیار کیا۔ بیان میں مطالبہ کیا گیا کہ واقعے میں ملوث وکلاء کے خلاف بلاامتیاز اور شفاف تحقیقات کی روشنی میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
بی یو جے یہ بھی اعلان کرتی ہے کہ جب تک متاثرہ رپورٹر کو انصاف نہیں ملتا اور ذمہ دار عناصر کے خلاف عملی اقدامات نہیں کیے جاتے، صحافتی برادری وکلاء کی تمام تقریبات، پریس کانفرنسز اور سرگرمیوں کی کوریج کا مکمل بائیکاٹ جاری رکھے گی۔