
سامراجی صدر کے بیان نے سامراج کے دوغلے چہرے کو مزید واضح کردیا، علامہ ساجد نقوی
ایران نے نہ صرف صہیونی غرور خاک میں ملایا بلکہ سامراجیت کی انسانیت دشمنی بھی عیاں کی، سامراجی پشت پناہی سے صہیونی دہشتگرد نے خطے کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا، اب ادھر اُدھرکی باتوں کی بجائے عملی اقدامات کی ضرورت ہے
شیعہ نیوز: علامہ سید ساجد علی نقوی کہتے ہیں کہ سامراجی صدر کے بیان نے سامراج کے دوغلے چہرے کو مزید واضح کردیا، ایران نے نہ صرف صہیونی غرور خاک میں ملایا بلکہ سامراجیت کی انسانیت دشمنی بھی عیاں کی، پوری ملت پاکستان نے عملی طور پر ثابت کیا وہ اپنے ہمسائیہ برادر ملک کے عوام کیساتھ کھڑے ہیں، جمعہ کو بھرپور طریقے سے صہیونی جارحیت کیخلاف یوم احتجاج منایا جائے گا، اجتماعات جمعہ میں عالم اسلام، ایران و پاکستان کی سلامتی کیلئے خصوصی دعائوں کا اہتمام کیا جائے۔
ان خیالات کا اظہار علامہ سید ساجد علی نقوی نے سامراجی صدر کے سماجی رابطے پر بیان، سامراجی وزیر دفاع کے بیان، خطے کی حالیہ صورتحال پر تبصرہ اور مختلف مکاتب فکر کے رہنمائوں سے ملاقاتوں کے دوران کیا جنہوںنے قائد ملت جعفریہ پاکستان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہاکہ سامراجی صدر کے حالیہ بیان نے سامراج کے دوغلے چہرے سے نقاب مکمل طور پر اتار پھینکا ہے اوراس کے نام نہاد امن کے بیانیہ کو مسمار کرکے رکھ دیاہے۔
یہ بھی پڑھیں: پشاور میں محرم کمیٹی خیبرپختونخوا کا قومی اجلاس
براہ راست ایرانی عوام کو دھمکی نے انسانیت دشمنی کو بھی واضح کردیا کہ صہیونی دہشتگرد سامراجی پشت پناہی کے بغیر کچھ بھی نہیں، سامراجی بحری بیڑے نمز کی مشرق وسطیٰ آمد اسی بغل بچے کے تحفظ اور انسانیت پر مظالم کے سلسلے کی کڑی ہے، امت مسلمہ کو اس معاملے پر اب عملی طور پر آگے بڑھنا چاہیے بلکہ اس کے ساتھ خطے کے بااثر ممالک بھی اب ادھر اُدھر کی باتوں کی بجائے عملی طور پرسامنے آئیں کیونکہ ایک بڑی تباہی خطے کے دہانے پر صہیونی دہشت گرد نے لاکھڑی کی ہے۔
انہوںنے اس موقع پر مختلف مکاتب فکر کے رہنمائوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پوری ملت پاکستان ، تمام مکاتب فکر، ہر شعبہ کے افراد نے جس انداز سے اپنے ہمسائیہ برادر ملک کیساتھ اظہار یکجہتی کیااور جو بھرپور موقف دنیا کے سامنے پیش کیا وہ تحسین و قدردانی کا مستحق ہے ، اسی سلسلے میں یوم جمعہ کو ملک گیر یوم احتجاج منایاجائے گا، اجتماعات جمعہ میں عالم اسلام، ایران و پاکستان کی سلامتی کیلئے خصوصی دعائوں کا اہتما م کیا جائے۔