
اس محرم میں اہل منبر امامت کے اسلوب حکومت و سیاست لوگوں کے سامنے بیان کریں،علامہ راجہ ناصرعباس
شیعہ نیوز: اصل امتحان سیاسی میدان ہے،پاکستان کے شیعہ آل محمدؑ کے سیاسی نظریہ کو کیوں نہیں اپناتے،اس محرم میں اہل منبر امامت کے اسلوب حکومت و سیاست لوگوں کے سامنے بیان کریں۔چودہ سو سالوں سےدنیا بھرمیں نواسئہ رسول ؐ امام حسینؑ کی یاد میں عزاداری منعقد ہوتی ہے، لیکن افسوس ہمارے ملک میں یزیدی طرز پر عزاداری کے خلاف مقدمے درج ہوتے ہیں، ایسے ایسے علماء و ذاکرین پر پابندیاں عائد کی جاتی ہیں ، ان کی زبان بندی اور ضلعی بدری کے احکامات جاری ہوتے ہیں جہیں فوت ہوئے بھی دہائیاں گذر چکی ہیں،ان خیالات کا اظہار چیئرمین مجلس وحدت مسلمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے امام بارگاہ شہدائے کربلا انچولی سوسائٹی کراچی میں منعقدہ عزاداری کانفرنس سے خطاب میں کیا ۔
کانفرنس سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں سبیلوں کے اہتمام پر ایف آئی آر ، جلوس ومجلس کے انعقاد پر ایف آئی آر، جلوس میں چند منٹ کی تاخیر کے سبب بانی کے خلاف مقدمے کا اندراج یہ سب یزیدی اور شمری طرز حکومت کے انداز ہیں، عزاداری ہماری آئینی ، قانونی اور شہری حق ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا ۔وفاقی وصوبائی حکومتیں عزاداران امام حسینؑ کو ہرممکن سہولیات کو یقینی بنائے، جلوس ومجالس کے روٹس پر صفائی ستھرائی اور لائٹنگ کے موثر انتظامات کی ضرورت ہے، نیپرا کے الیکٹرک اور دیگر بجلی فراہم کرنے والے اداروں کو پابند کیا جائے کہ وہ محرم الحرام میں لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ یقینی بنائیں۔ اس محرم میں پہلے سے زیادہ مظلوموں کی حمایت میں آواز بلند ہوگی، شیعہ سنی مل کر نواسہ رسول ؐ کی یاد منائیں گے۔ یہ ہماری مشترکہ میراث ہے اور ہمیں اس کا تحفظ کرنا ہے۔
انہوں نے کہا خطہ میں ایرانی حکومت و شہداء نے جرائت اور جواں مردی کی جو مثال قائم کی ہے اس کی نظیر تاریخ میں نہیں ملتی ، انہیں طویل استقامت کے نتیجے میں ظالم اسرائیل کے سامنے سر نا جھکا کر خود کو بے مثال بنا دیا ہے ۔ خطہ میں موجود تمام اسلامی ممالک اور عالم انسانیت صہیونی جرائم کے خلاف متحد ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ اس سال کا محرم بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔امام علی ؑ کہتے ہیں جو اپنے زمانے کو پہچان لے وہ محفوظ ہوجاتا ہے اس دور کو پہچاننے کی ضروری ہے ۔ہمیں دیکھنا ہوگا کہ معرکہ ء حق و باطل میں آج ہم کہاں کھڑے ہیں؟غاصب اسرائیل کے مقابلے پر ملت ایران و رہبر معظم کے ساتھ کھڑے ہونے کی ضرورت ہے۔غاصب اسرائیل سے جنگ حق و باطل کی جنگ ہے۔
انہوں نے کہا کہ قیادت سب سے اہم معاملہ ہے دوسرا مسئلہ منشور ہے جو اہلیبیت ؑ نے ہمیں بیان کیا ہے تیسرا عوام کا ساتھ دینا ضروری ہے ۔سب سے مشکل امتحان سیاسی میدان ہے.ظالموں کی سیاست محض اقتدار کے لئے ہوتی ہے۔
انہوں نےمزید کہا کہ پاکستان کو پاور پولیٹکس نے برباد کیا۔عزاداری کو کوئی ختم نہیں کرسکتا ہے۔امام حسینؑ کا سجدے میں سر کٹانا خدا کے ہونے کی سب سے بڑی دلیل ہے۔پنجاب حکومت نے مشی کو روکنے کی حماقت کی تو سینوں پر گولیاں کھاکر جلوسوں میں شرکت کریں گے۔
کانفرنس سےعلامہ باقر عباس زیدی، ڈویژنل صدر مولانا صادق جعفری، صدر مجلس ذاکرین امامیہ کراچی علامہ نثار احمد قلندری، رہنما مرکزی تنظیم عزاداری عباس حیدر زیدی، صدر جعفریہ آرگنائزیشن پاکستان حسن صغیر عابدی، رہنما آئی ایس او کراچی غیور عباس،رہنما بوتراب اسکاؤٹس مہدی عباس، رہنما پاک حیدری اسکاؤٹس حسن مہدی و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔