
وینزویلا کے صدر کا عالمی یہودی برادری سے بنجمن نیتن یاھو کو لگام دینے کا مطالبہ
شیعہ نیوز: وینزویلا کے صدر نکولس مادورو نے دنیا بھر کی یہودی برادری سے پُرسوز اپیل کی ہے کہ وہ قابض اسرائیل کے وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو کو لگام دیں، جو عالمی عدالت انصاف کو مطلوب ہے اور ایران کے خلاف گذشتہ جمعے سے ایک وسیع جارحیت کا آغاز کر چکا ہے۔
جمعرات کے روز سرکاری ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مادورو نے دنیا بھر کے یہودیوں، بالخصوص ان یہودیوں سے جو مقبوضہ فلسطینی علاقوں یا قابض اسرائیل کی حدود میں رہتے ہیں، مؤثر آواز بلند کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ "میں دنیا بھر میں بسنے والے شریف یہودی عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس جنگ کو روکے۔ آپ ہی ہیں جو اس جنگ کو روک سکتے ہیں”۔
انہوں نے مزید کہا کہ”بنجمن نیتن یاھو کو روکنا ضروری ہے۔ اس دیوانگی کا خاتمہ ہونا چاہیے جو ہمسایہ ممالک کے خلاف مسلسل جنگ، مشرق وسطیٰ اور مغربی ایشیا پر قبضے اور استعمار کے خبط کی صورت میں جاری ہے”۔
یہ بھی پڑھیں : غزہ سے ایران تک یہ ایک ہی معرکہ ہے، ایک ہی امت کی ایک ہی جنگ ہے، عبدالملک الحوثی
صدر مادورو نے واضح کیا کہ نیتن یاھو کی سربراہی میں قابض اسرائیلی حکومت نے پچھلے کچھ برسوں میں متعدد جنگوں کو بھڑکایا ہے، جن میں غزہ کی پٹی پر جاری نسل کشی، سنہ2024ء میں لبنان پر مسلط کردہ جنگ، شام میں نئے علاقوں پر قبضے اور یمن پر متواتر حملے شامل ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ عالمی فوجداری عدالت نے 21 نومبر سنہ2024ء کو بنجمن نیتن یاھو کے خلاف فلسطینی عوام کے خلاف جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کے ارتکاب پر وارنٹ گرفتاری جاری کیا تھا۔
یاد رہے کہ 13 جون سے قابض اسرائیل امریکہ کی پشت پناہی سے ایران پر حملوں میں مصروف ہے، جن میں جوہری تنصیبات، میزائل اڈے، ایرانی فوجی کمانڈروں اور ایٹمی سائنسدانوں کا قتل اور معصوم شہریوں کی ہلاکتیں شامل ہیں، جب کہ ایران بھی جوابی طور پر بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے اسرائیلی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنا رہا ہے۔