
ایران وہ واحد ملک ہے جو ظالم طاقتوں کے خلاف تنہا لڑ رہا ہے، علامہ باقر زیدی
شیعہ نیوز:مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صدر علامہ سید باقر عباس زیدی نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ جل رہا ہے، خطے میں قیام امن ناگزیر ہوتا جارہا ہے، عالمی سامراجی قوتیں میڈل ایسٹ کے خاتمے کی خواہاں ہیں، عرب ممالک اور مسلم حکمرانوں کی بزدلی کی وجہ سے آج خطہ تیسری جنگ عظیم کی طرف جارہا ہے، امت مسلمہ متحد ہوکر عالمی سامراج کو مہ توڑ جواب دے، امریکہ کا ایران پر بلاجواز جوہری تنصیبات پر خطرے کے الزامات لگا کر حملہ کرنا بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے، آج اگر ایران تو کل انہیں الزامات کا سامنا ہمیں بھی کرنا ہوگا، ایرانی غیرت مند حکمرانوں و عوام کو سلام پیش کرتے ہیں، ایران وہ واحد ملک ہے جو ظالم طاقتوں کے خلاف تنہا لڑ رہا ہے، حکومت کا ایران و اسرائیل جنگ میں دوہرا معیار ہے، نواز حکومت جس امریکی صدر ڈونلد ٹرمپ کو امن کا نوبل انعام دے رہے ہیں اس کے ہاتھ غزہ کے معصوم بچوں کے خون سے رنگیں ہیں، ٹرمپ انسانیت کا قاتل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت، امریکہ و اسرائیل اس ملک کے کبھی خیر خواہ نہیں ہوسکتے، ملکی خارجہ پالیسی غیرت و حمیت کے ساتھ ہونا چاہیئے، پاکستانی عوام ٹرمپ جیسے خونی درندے اور اسرائیل و بھارت کر ہمیشہ مردہ باد ہی کہیں گے، ہمارے حکمران امریکی کاسہ لیسی میں اپنی ملکی سالمیت کو خطرہ میں ڈال رہے ہیں، آج اگر یہ امریکہ کی وفاداریاں حاصل کرنے کی خواہش رکھتے ہیں تو کل ضرور اسرائیل کو تسلیم کرنے میں دیر نہیں کریں گے، ہمارے حکمران بزدل عرب ممالک کے حکمرانوں سے کم نہیں، اسلام کے نام پر حاصل ہوا ملک خداداد اسلامی جمہوریہ پاکستان کے نزدیک سپر پاور صرف خداوند کریم کی ذات ہے، حکمرانوں کو کس بات کا خوف ہے، ملکی عوام بیدار ہیں ظالم غاصب اسرائیل اور اس کے حامی امریکہ کے ڈر و خوف کو توڑ دیں، لاکھوں قربانیاں دے کر بننے والا ملک آج اُسی سامراج کے آگے گھٹنے ٹیک رہا ہے، پاکستانی حکومت امریکی صدر کے خلاف جنگی جرائم پر عالمی عدالت میں مقدمہ قائم کروائیں۔