
آیت اللہ خامنہ ای کی شان میں گستاخی امت مسلمہ کیلئے ناقابل برداشت ہے، علامہ مقصود ڈومکی
جیکب آباد میں مجلس عزاء سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ امت مسلمہ کو ناصبی فکر سے بچنے کیلئے ذکر اہل بیت (ع) اور ذکرِ امام حسین علیہ السلام کے اجتماعات میں بھرپور شرکت کرنی چاہئے
شیعہ نیوز: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ رہبر معظم آیت اللہ سید علی خامنہ ای نائب امام اور پورے عالمِ اسلام کے رہبر و رہنماء ہیں۔ ان کی شان میں گستاخی امت مسلمہ کے لئے ناقابل برداشت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سول ہسپتال روڈ جیکب آباد پر منعقدہ سالانہ مجلسِ عزاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ایم ڈبلیو ایم رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ آل محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت ایمان کی علامت ہے، جبکہ آل محمد (ص) سے بغض اور دشمنی نفاق کی نشانی ہے۔ نواسۂ رسول امام حسین علیہ السلام سے عداوت رکھنے والے آج بھی وقتاً فوقتاً اپنے باطنی ناپاک خیالات کا اظہار کرتے رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کو ناصبی فکر سے بچنے کے لئے ذکر اہل بیت (ع) اور ذکرِ امام حسین علیہ السلام کے اجتماعات میں بھرپور شرکت کرنی چاہئے کیونکہ امام حسین (ع) کشتیٔ نجات اور شمع ہدایت ہیں، اور ان کی مجالس اور جلوس امت کی ہدایت و اصلاح کا ذریعہ ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: حیدرآباد: عزاداری سید الشہداؑ پر کسی قسم کی قدغن برداشت نہیں کریں گے، جعفریہ الائنس
علامہ مقصود علی ڈومکی نے پنجاب کے مختلف اضلاع میں مجالس عزاء کے خلاف درج ہونے والے مقدمات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا پنجاب حکومت کی ذکر امام حسین علیہ السلام سے دشمنی اور بغض کا رویہ پوری قوم دیکھ رہی ہے، اور اس پر شدید عوامی ردعمل آئے گا۔ ذکر امام حسین (ع) کو جرم قرار دینے والے اپنے کردار اور افکار پر شرم کریں۔ انہوں نے کہا کہ ذکر امام حسین (ع) افضل ترین عبادت ہے اور اس عبادت پر ایف آئی آر درج کرنا نہایت افسوسناک اور شرمناک عمل ہے۔ اس موقع پر انہوں نے رہبر معظم آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شان میں کی جانے والی امریکی و اسرائیلی ہرزہ سرائی کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ رہبر معظم آیت اللہ خامنہ ای نائبِ امام اور پورے عالم اسلام کے رہبر و رہنماء ہیں۔ ان کی شان میں گستاخی امت مسلمہ کے لئے ناقابل برداشت ہے، اور ہم مراجع کرام و مجتہدین عظام کی قیادت میں اس کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔