
یمنی حملے میں صہیونی تجارتی جہاز میجک سیز مکمل طور پر غرق
شیعہ نیوز: انصاراللہ یمن نے اسرائیلی بندرگاہوں کی طرف جانے والے بحری جہاز کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں کشتی سمندر میں غرق ہوگئی۔
رپورٹ کے مطابق یمنی تحریک انصاراللہ نے ’’میجک سیز‘‘ نامی صہیونی کشتی کو نشانہ بنائے جانے اور مکمل طور پر غرق ہونے کی ویڈیو اور تصاویر جاری کر دی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، یمنی مسلح افواج کے ترجمان میجر جنرل یحیی سریع نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیلی بندرگاہوں کی جانب جانے کے بارے میں وارننگ کو مسلسل نظر انداز کرنے کے بعد مجیک سیز کو نشانہ بنایا گیا اور یہ کشتی مکمل طور پر بحیرہ احمر کی گہرائیوں میں ڈوب گئی۔
یہ بھی پڑھیں :قطر میں حماس اور تل ابیب کے درمیان پانچواں دورِ مذاکرات بے نتیجہ ختم
یحییٰ سریع نے بیان میں کہا کہ اللہ کے فضل سے میجک سیز مکمل طور پر غرق ہو چکی ہے۔ کشتی کی مالک کمپنی نے بارہا یمن کی جانب سے جاری کردہ وارننگ کو نظر انداز کرتے ہوئے فلسطینی کی بندرگاہوں کا رخ کیا تھا۔
یمنی حملے میں صہیونی تجارتی جہاز میجک سیز مکمل طور پر غرق، ویڈیو،تصاویر
انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ حالیہ دنوں میں مذکورہ کمپنی کی تین دیگر کشتیاں بھی اسرائیلی بندرگاہوں میں داخل ہوئیں، جو یمنی نیول فورس کی جانب سے واضح وارننگز کی ایک کھلی خلاف ورزی تھی۔
یمنی ذرائع ابلاغ نے میجک سیز کی تباہی اور غرق ہونے کے مناظر ویڈیو کی صورت میں نشر کر دیے ہیں، جن میں کشتی پر میزائل حملے اور اس کے بعد ڈوبنے کے تمام مراحل واضح طور پر دیکھے جا سکتے ہیں۔
یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب انصاراللہ نے اعلان کیا ہے کہ جب تک غزہ پر حملے بند نہیں کیے جاتے اور اسرائیل فلسطینی عوام کے خلاف مظالم سے باز نہیں آتا، صہیونی مفادات اور ان سے وابستہ تجارتی جہازوں کو نشانہ بنایا جاتا رہے گا۔