
ابراہیم اکارڈ معاہدہ اور دو ریاستی حل کسی صورت منظور نہیں، علامہ باقر عباس زیدی
شیعہ نیوز:مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے صدر علامہ سید باقر عباس زیدی کا کہنا تھا کہ ابراہیم اکارڈ معاہدہ اور دو ریاستی حل کسی صورت منظور نہیں، ابراہیم ایکارڈ معاہدہ دو ریاستی حل کی زمینہ سازی ہے جسے ملکی عوام مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی عوام اسرائیل کو کبھی تسلیم نہیں کریں گے، اسرائیل ایک ناجائز، دہشتگرد، غاصب ریاست ہے، ملکی حکمران امریکی خوشنودی کیلئے صہیونی ناجائز ریاست کوتسلیم کرنے کی باتیں چھوڑ دیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے والے عرب حکمرانوں نے مسلم امہ سے خیانت کی، امریکہ نے معاشی دھوکا دیکر مشرق وسطیٰ کے کئی ممالک پر حملے کئے، ہزاروں بے گناہ انسانی جانوں کا ضیاع ہوا اور ہر جگہ ایسے ناکامی کا سامنا رہا، خطہ میں امریکی مفادات پورے ہونا صرف ادھورا خواب ہی رہے گا، نااہل حکمرانوں نے ملکی معیشت آئی ایم ایف کے رحم کرم پر چھوڑ کر ملک کو گروی رکھ دیا ہے، حکمران ملک سے مخلص ہوں امریکہ سے نہیں۔
انہوں نے کہا کہ بانیان پاکستان کا غاصب اسرائیل کو تسلیم نہ کرنے کا موقف واضح تھا، ہے اور رہے گا، آزادی فلسطین و مسجدِ اقصیٰ مسلم امہ کا دینی و شرعی فریضہ ہے، اہل فلسطین اپنے وطن میں بے گھر ہیں، خائن عرب ممالک نے کبھی غزہ سمیت اہلیان فلسطین پر اسرائیلی جارحیت رکوانے کی بات نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کی صہیونی ریاست کو مالی معاونت عرب ممالک کا پیسہ ہے، عرب ممالک کے امریکہ سے عربوں ڈالر کے تجارتی معاہدے فلسطینیوں کے خون بہانے پر خرچ ہو رہے ہیں، لاکھوں فلسطینی اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں شہید اور اپنے ہی وطن میں بے گھر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہدائے فلسطین کا خون رائیگاہ نہیں جائے گا، حماس سمیت خطہ میں تمام مزاحمتی گرہوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔