
بلوچستان میں دہشتگردی کے واقعے پر افسوس ہے متاثرین سے تعزیت کرتے ہیں، علامہ ساجد نقوی
شناختی کارڈ چیک کرکے مسافروں کی ٹارگٹ کلنگ انتہائی افسوسناک و تشویشناک پہلو ہے، اس ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بننے والے مسافروں کے لواحقین سے بھی گہری ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتے ہیں
شیعہ نیوز: علامہ سید ساجد علی نقوی نے بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سے پنجاب آنیوالی مسافر بس پر ہونے والے دہشت گردی کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ شناختی کارڈ چیک کرکے مسافروں کی ٹارگٹ کلنگ انتہائی افسوسناک و تشویشناک پہلو ہے، اس ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بننے والے مسافروں کے لواحقین سے بھی گہری ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔
علامہ سید ساجد علی نقوی نے حالیہ دنوں میں ہونیوالی بارشوں اور سیلابی ریلوں میں ہونیوالے جانی و مالی نقصان پر بھی گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ایڈوائزری جاری کرنے ساتھ ساتھ پیشگی اقدامات بھی انتہائی لازم ہیں خصوصاً ندی نالوں کی صفائی کیساتھ قرب و جوار، شہری و دیہی نشیبی علاقوںمیںحفاظتی انتظامات کو مزید بہتر اورحکومتی مشینری کو مزید فعال بنایا جائے۔
پانی کے قدرتی بہائو کے راستے میں مصنوعی رکاوٹیں اگر بروقت ختم کی جائیں اور اس حوالے سے پیشگی اقدامات اٹھائے جائیں تو بڑے جانی و مالی نقصان سے بچنا بھی ممکن ہے، انہوںنے غیر معمولی موسم کی صورتحال میں عوام کو بھی حفاظتی انتظامات کیساتھ احتیاط کی تاکید بھی کی۔