اہم پاکستانی خبریں

سندھ حکومت کی متعصبانہ پالیسیاں صوبے کی تقسیم کا سبب بن سکتی ہیں، آفاق احمد

شیعہ نیوز:مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کی متعصبانہ پالیسیاں صوبے کی تقسیم کا سبب بن سکتی ہیں، ہم صوبے کی تقسیم نہیں چاہتے ہیں، بھائی چارگی کی پالیسی پر گامزن ہیں، اگر سندھ حکومت نے اجرک ٹیکس کے نام پر وصول کیے گئے پیسے کراچی کے شہریوں کو واپس نہ کیے اور اپنی مذکورہ پالیسی کو تبدیل نہیں کیا تو تو اسے بھرپور عوامی ردعمل کا سامنا پڑے گا، کراچی لاوارث نہیں ہے، اگست میں جشن آزادی بھرپور طریقے سے منائیں گے، ستمبر میں پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کے خلاف بھرپور احتجاج کا اعلان کریں گے، بانی متحدہ سے کوئی رابطہ نہیں ہے، ان سے سیاسی اختلاف اپنی جگہ ہے لیکن وہ بیمار ہیں تو ان کی صحت یابی کے لیے دعاگو ہوں، سندھ حکومت کراچی میں ثقافت کے نام پر 35 لاکھ موٹرسائیکل سواروں سے اجرک والی نئی نمبر پلیٹ کے اجراء کے لیے فی کس 1850 روپے وصول کررہی ہے۔ وہ سمن آباد میں مہاجر قومی موومنٹ ضلع وسطی کے دفتر میں پریس کانفرنس کررہے تھے۔

آفاق احمد نے کہا کہ کراچی میں جب ڈمپر اور ٹینکرز کے نیچے آکر لوگ جاں بحق ہوررہے تھے تو حکومت سندھ کو کوئی پروا نہیں تھی، مہاجر قومی موومنٹ نے جب واٹر ٹینکرز اور ڈمپر مافیا سمیت پیپلز پارٹی کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف احتجاج کیا تو مجھ سمیت میرے ساتھیوں کے خلاف انتقامی کارروائی کی گئی، میری اور ساتھیوں کی گرفتاریاں ہوئیں، میرے ساتھیوں پر تشدد کیا گیا لیکن ہم ثابت قدم رہے، کراچی مختلف مافیاز کے حوالے ہے، پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے شہر کا پورا نظام ٹھیکے پر دے ہوا ہے۔ چیئرمین ایم کیو ایم حقیقی نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے کراچی کے تعلیمی نظام کو تباہ کردیا ہے، کراچی کے تعلیمی بورڈز کے نتائج جان بوجھ کر خراب کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اندرون سندھ کے تعلیمی بورڈز کے نتائج بہتر کرکے یہ تاثر دیا گیا کہ کراچی کے بچے پڑھنے والے نہیں ہیں، یہ ظلم ہے۔

آفاق احمد نے کہا کہ کراچی کا انفراسٹرکچر تباہ ہے، ڈمپر اور ٹینکرز حادثات کا ذمہ دار موٹر سائیکلوں والوں کو ٹھہرایا گیا اور کہا جاتا ہے یہ ہیلمنٹ نہیں پہنتے ہیں، موٹر سائیکل سواروں کو ہیلمنٹ نہ پہنے پر جرمانے کیے جارہے ہیں، ایف آئی آر کاٹی جارہی ہیں، یہ ظلم کی انتہا ہے، آپ نوجوانوں کو ملزم بنا ریے ہیں، واٹر ٹینکرز اور ڈمپرز والوں کی انشورنس نہیں ہوتی ہے، کراچی میں حادثات کے دوران جاں بحق ہونے والے صرف مہاجر نہیں سب قوموں سے تعلق رکھتے ہیں، ان جاں بحق افراد کے ورثا کو معاوضہ نہیں دیا گیا۔ آفاق احمد نے کہا کہ حکومت سندھ نے اب تک کراچی میں جدید پبلک ٹرانسپورٹ کا نظام قائم نہیں ہے، عوام کو ٹرانسپورٹ کی سہولت دینے کے بجائے سندھ حکومت اپنے افسران کو تین گنا مہنگی گاڑیاں دے رہی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button