
بغداد خطے کو درپیش صیہونی خطرات پر خاموش نہیں بیٹھے گا، شیخ ھمام حمودی
شیعہ نیوز:آج بغداد میں تعینات تُرک سفیر "انیل بورانیان” نے عراق کی مجلس اعلاء اسلامی کے سربراہ شیخ "همام حمودی” سے ملاقات کی۔ جس میں ترکیہ اور عراق کے درمیان تعلقات کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر دونوں شخصیات نے ایران کے خلاف صیہونی جارحیت کے خطے پر نتائج اور غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی پر سیر حاصل گفتگو کی۔ اس دوران شیخ ھمام حمودی نے کہا کہ اسرائیل سارے خطے کے لئے خطرہ ہے اور اس صورت حال میں عراق خاموش نہیں بیٹھے گا۔ اس ملاقات کی تفصیلات سے آگاہ کرنے کے لئے مجلس اعلاء اسلامی کے شعبہ تعلقات عامہ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ شیخ ھمام حمودی نے تُرک سفیر کو باور کروایا کہ اسرائیلی وزیراعظم "نیتن یاہو” جنگ کے ہتھیار کو اپنی سیاسی بقاء کے لیے استعمال کر رہا ہے جو کبھی ختم نہیں ہو گی۔
شیخ ھمام حمودی نے ترکیہ اور خطے کے دیگر ممالک پر زور دیا کہ وہ مشرق وسطیٰ کے مستقبل کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔ عراق و اس کے دینی مراجع، صہیونی رژیم کے شیطانی منصوبوں سے آگاہ ہیں اور خطے میں استحکام کے لیے کوشاں ہیں۔ شیخ ھمام حمودی نے ترکیہ کے ساتھ پانی کے معاملات پر تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے تُرک کمپنیوں کی عراق میں آبی ڈھانچے کی تعمیر میں مدد کی تعریف کی۔ انہوں نے عراق کے تیل کی برآمدات کے لیے جیھان بندرگاہ اور روڈ بیلٹ منصوبے پر تعاون کا خیر مقدم کیا۔ آخر میں انہوں نے کُرد مسلح تحریک PPK کے غیر مسلح ہونے پر ترکیہ کو مبارکباد دی اور اسے خطے کے لیے ایک مثبت قدم قرار دیا۔