
دنیا
ہمارا شام پر آج کا حملہ ایک وارننگ تھی، صیہونی وزیر جنگ
شیعہ نیوز: صیہونی وزیر جنگ "یسرائیل کاٹز” نے اعلان کیا کہ اسرائیلی ڈیفنس فورسز کا شام پر حملہ دمشق پر قابض گروہ کے لئے ایک انتباہی پیغام تھا۔ انہوں نے کہا کہ تل ابیب، شام میں دروزی کمیونٹی کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دے گا۔ اگر انہیں مزید کچھ ہوا تو اسرائیل آرام سے نہیں بیٹھے گا۔ واضح رہے کہ آج دوپہر کو IDF نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ہم نے شام میں دروزی کمیونٹی کو درپیش دہشت گردانہ خطرات کے خلاف کارروائی کی۔ ہم نے صوبہ السویداء کے علاقوں "سُميع” اور "سُجَين” میں موجود شامی باغیوں کے ٹینکوں کو نشانہ بنایا۔ اسرائیلی فوج کے ریڈیو کے اعلان مطابق، یہ فضائی حملہ ہدف کی نشاندہی کے چند منٹ بعد کیا گیا۔ ہماری اس کارروائی کا مقصد دروز کمیونٹی کا تحفظ ہے۔