
کل ایک کٹھن رات گزری، تمام اسرائیلی سوگوار ہیں، نتن یاہو
شیعہ نیوز: شمالی غزہ میں تین صہیونی فوجیوں کی ہلاکت پر صہیونی وزیر اعظم نتن یاہو نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک سخت رات تھی اور پورا اسرائیل اپنے تین فوجیوں کی ہلاکت پر غمگین ہے۔انہوں نے اسرائیل کی سلامتی، حماس کی شکست اور مغویوں کی واپسی کے لیے جانفشانی سے قربانی دی۔‘
ادھر صہیونی وزیر جنگ یسرائیل کاتز نے بھی ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے اپنے بیٹوں میں سے تین کو کھو دیا ہے۔ میں ان تمام سپاہیوں کو سلام پیش کرتا ہوں جو مغویوں کی واپسی، شہریوں کی سلامتی اور حماس کی شکست کے لیے جنگ جاری رکھے ہوئے ہیں۔
صہیونی فوج نے پیر کی رات اعلان کیا کہ اُس کی 401 بریگیڈ کے تین فوجی شمالی غزہ میں جاری لڑائی کے دوران مارے گئے ہیں، جبکہ ایک افسر شدید زخمی ہوا ہے۔
عبرانی ذرائع کے مطابق، یہ واقعہ شمالی نوارِ غزہ کے علاقے جبالیا میں اس وقت پیش آیا جب فلسطینی مزاحمت کاروں نے ایک صہیونی ٹینک پر اینٹی ٹینک میزائل سے حملہ کیا۔
اس حملے میں ٹینک کے اندر موجود تین فوجی موقع پر ہی ہلاک ہو گئے، جبکہ چوتھا شدید زخمی ہوا۔
یہ واقعہ نہ صرف صہیونی فوج کے لیے ایک سنگین دھچکا ہے بلکہ اس سے اسرائیل کے اندرونی دباؤ اور فوجی نقصان میں مسلسل اضافے کی عکاسی بھی ہوتی ہے۔