مشرق وسطیہفتہ کی اہم خبریں

قابض اسرائیلی دہشت گردی میں مزید 89 فلسطینی شہید، 467 زخمی

شیعہ نیوز: فلسطینی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران قابض اسرائیل کے ہولناک حملوں میں غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں میں 89 فلسطینی شہید ہوئے جن میں سے 9 لاشیں ملبے تلے سے نکالی گئیں، جبکہ 467 افراد شدید زخمی ہو کر ہسپتالوں میں لائے گئے۔

وزارت صحت نے جمعہ کے روز جاری کردہ بیان میں کہا کہ ان شہداء میں 9 وہ افراد بھی شامل ہیں جو امدادی اشیاء کے حصول کی کوشش میں نشانہ بنے۔ ان کے ساتھ مزید 45 سے زائد زخمیوں کو بھی ہسپتال پہنچایا گیا۔ یوں امداد کے متلاشی فلسطینیوں کی شہادتوں کی تعداد بڑھ کر 1,092 ہو گئی ہے، جبکہ اس زمرے میں زخمیوں کی تعداد 7,320 سے تجاوز کر چکی ہے۔

بیان کے مطابق 18 مارچ سنہ2025ء سے لے کر آج تک کی مجموعی شہادتیں 8,527 تک جا پہنچی ہیں، جبکہ زخمیوں کی تعداد 31,924 ہو گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ایران میں غزہ کے عوام پر فاقہ کشی مسلط کئے جانے اور ان کے قتل عام کی مذمت

قابض اسرائیل کی جانب سے 7 اکتوبر سنہ2023ء سے غزہ میں جاری نسل کشی پر مبنی عدوان کے نتیجے میں مجموعی طور پر شہید ہونے والوں کی تعداد 59,676 ہو چکی ہے، جبکہ زخمیوں کی تعداد 143,965 ہو گئی ہے۔

وزارت صحت نے واضح کیا کہ اب بھی بڑی تعداد میں فلسطینی ملبے کے نیچے دبے ہوئے ہیں یا سڑکوں پر پڑے ہیں۔ مگر مسلسل بمباری اور تباہ شدہ انفراسٹرکچر کے باعث ایمبولینسیں اور سول ڈیفنس ٹیمیں ان تک نہیں پہنچ پا رہیں۔

قابض صہیونی ریاست کی طرف سے جاری یہ درندگی کسی بھی انسانی اور اخلاقی ضابطے سے ماورا ہے۔ محصور غزہ کے نہتے عوام مسلسل انسانی المیے کا سامنا کر رہے ہیں، جہاں زندگی کا ہر پہلو غذا، دوا، تحفظ عملاً چھین لیا گیا ہے۔

یہ المناک اعداد و شمار صرف گنتی نہیں، بلکہ ہر ایک شہادت، ہر ایک زخمی ایک خاندان کی بربادی، ایک ماں کی ممتا، ایک باپ کا سایہ، ایک بچپن کی مسکراہٹ، ایک انسان کی زندگی کی کہانی ہے۔ دنیا کی خاموشی اس ظلم میں شریک بن چکی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button