تل ابیب، غزہ پر مکمل قبضے کے نیتن یاہو کے منصوبے کے خلاف مظاہرہ
شیعہ نیوز: صہیونی وزیراعظم نیتن یاہو کی جانب سے غزہ پر مکمل قبضے کے اعلان کے بعد ہزاروں صہیونیوں نے تل ابیب میں سڑکوں پر نکل کر اس فیصلے کے خلاف احتجاج کیا۔
رپورٹ کے مطابق، غزہ پر مکمل قبضے کا منصوبہ انکشاف ہونے کے بعد اسرائیل کے اندر بھی نیتن یاہو کے خلاف مظاہرے شروع ہوگئے ہیں۔
مظاہرین نے تل ابیب کی ایک مرکزی شاہراہ بند کر کے زور دار نعرے لگائے اور نیتن یاہو کے خلاف اپنے غصے کا اظہار کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا: "ہم تمہیں یہ اجازت نہیں دیں گے کہ اپنے پاگل پن سے بھرے وہموں کی بنیاد پر غزہ پر قبضہ کر کے مزید اسرائیلی فوجیوں اور قیدیوں کا خون بہاؤ!”
یہ بھی پڑھیں : مفتی القدس کو مسجد اقصیٰ سے چھ ماہ کے لیے جبری طور پر بے دخل کر دیا گیا
یہ احتجاج ایسے وقت میں ہوا ہے جب نیتن یاہو نے 4 اگست کو ایک بیان میں اعلان کیا تھا کہ وہ غزہ کے پورے علاقے پر، بشمول ان مقامات کے جہاں اسرائیلی یرغمالیوں کو رکھا گیا ہے، مکمل قبضے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
اس اعلان سے قبل بھی دنیا کے مختلف ممالک میں نیتن یاہو کی جارحانہ پالیسیوں اور غزہ میں فلسطینی عوام کے قتل عام کے خلاف مسلسل مظاہرے ہورہے تھے۔
فلسطین کی وزارت صحت کے مطابق، 7 اکتوبر 2023ء سے لے کر اب تک صہیونی فوج کے غزہ پر حملوں میں 61 ہزار 20 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، جب کہ زخمیوں کی مجموعی تعداد 150 ہزار 671 ہوچکی ہے۔