پاکستانی شیعہ خبریں

سنی تحریک اور دیگر مذہبی جماعتوں کا جشن آمد رسول ﷺکے موقع پر محافل کا انعقاد

شیعہ نیوز (کراچی)  پاکستان سنی تحریک کے قائد ثروت اعجاز قادری نے  کراچی میں نکالے گئے عید میلادالنبی  کے مرکزی جلوس سے خطاب کرتے ہوئے  کہا ہے کہ دہشت گرد ہمارے دل سے عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ختم نہیں کرسکتے۔  جلوس سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ سنی تحریک ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ لوگوں کو معلوم ہے کہ یہاں کچھ بھی ہوسکتا ہے، مگر اس کے باوجود یہاں بڑی تعداد میں لوگ موجود ہیں، ہم فسادی نہیں میلادی ہیں اور یہ بات باور کرانا چاہتے ہیں، ہم ان صحابہ کرام کے نام کو زندہ کرنے آئے ہیں جنہوں نے مصائب کے باوجود آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا نام لینا نہ چھوڑا، اس جلوس میں مائیں، بہنیں اور بچے موجود ہیں جو کہ یکجہتی کا ثبوت دے رہے ہیں، جلوس میں نشتر پارک دھماکے کے تمام شہداء کے بچے بھی موجود ہیں، دہشت گرد کبھی عشق مصطفٰی صلی اللہ علیہ وسلم کے نام لیواؤں کو ختم نہیں کرسکتے۔
ثروت اعجاز قادری کا مزید کہنا تھا کہ ملک بھر میں جاری دہشت گردی کے باوجود عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا سمندر یہاں موجود ہے، میلاد مصطفٰی صلی اللہ علیہ وسلم کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، خواتین اور بچوں کا درود پڑھنا سلامتی کا پیغام ہے، ہم رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات طیبہ کا نظام لانا چاہتے ہیں، اسی لئے ہمیں نشانہ بنایا جاتا ہے، ہمارا نظریہ ناموس رسالت صلی اللہ علیہ وسلم پر جان قربان کرنا، اہل بیت (ع) کا نام بلند کرنا اور مزارات کی حفاظت کرنا ہے، سازشوں اور منافقت کے باوجود پاکستان سنی تحریک زندہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سی آئی ڈی افسر چوہدری اسلم اور ہنگو میں شہید ہونے والے نوجوان طالبعلم اعتزاز حسن کو سلام پیش کرتے ہیں۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ وزیراعظم کو ایک خط لکھا ہے جس میں 5 دہشت گردوں کے نام بھیجیے ہیں، جن 5 لوگوں کا نام بھیجا ہے وزیراعظم ان سے ہی مذاکرات کے خواہاں ہیں۔  
المصطفٰی ویلفیئر سوسائٹی کے سرپرست اعلٰی حاجی محمد حنیف طیب نے عید میلاد النبیؐ  کے مختلف جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عید میلاد النبیؐ کی تقریبات کا مقصد تعلیمات ِ مصطفٰی کریمؐ سے لوگوں تک یہ پیغام دینا ہے کہ اسلام ِامن و سلامتی کا دین ہے، شدت پسندی اور دہشت گردی سے اسلام کا کوئی تعلق نہیں ہے، ہر نبی پر ایمان لانا اور ادب و احترام کرنا ہمارے ایمان کیلئے شرط ہے۔ عید میلاد النبیؐ کی تقریبات کے دوران امت کے غریب، مستحق اور پریشان حال لوگوں کی مدد کرنا ہم سب کا فرض ہے۔
اوکاڑوی اکادمی العالمی کے سربراہ علامہ کوکب نورانی اوکاڑوی نے کہا ہے کہ نبی کریمؐ کی ولادت کا جشن منانا ایمان کا تقاضا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نارتھ کراچی میں میلاد مصطفیٰؐ کی محفل سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حضورؐ کی آمد سے انسانیت کو ظلمت، جہالت، گمراہی اور شرک سے نجات حاصل ہوئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ محافل میلاد تعلیمات نبوی ؐ پھیلا نے کا ذریعہ ہیں ،ہمیں اپنے مسائل کا حل سیرت ِ رسولؐ میں تلا ش کرنا ہو گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button