صیہونی بستیوں کی آبادکاری کے خلاف احتجاجی تحریک کا آغاز کریں گے، صابر کربلائی
شیعہ نیوز(کراچی) فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سرپرست رہنماؤں نائب امیر جماعت اسلامی کراچی اور سابق رکن قومی اسمبلی مظفر احمد ہاشمی، جمعیت علماء پاکستان کراچی کے صدر اور ملی یکجہتی کونسل پاکستان سندھ کے صدر علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل و ترجمان صابر کربلائی، پاکستان عوامی مسلم لیگ کے مرکزی رہنما محفوط یار خان ایڈووکیٹ اور جمعیت علماء پاکستان صوبہ سندھ کے جنرل سیکرٹری علامہ عقیل انجم قادری نے فلسطینی سرزمین پر غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کی جانب سے قائم کی جانے والی صیہون بستیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری غاصب اسرائیل کو فلسطینیوں کی سر زمین پر صیہونی آباد کاری سے باز رکھے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ’’ ادارہ نورحق ‘‘ میں منعقدہ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی مرکزی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مظفر احمد ہاشمی کا کہنا تھا کہ اسرائیلی چیرہ دستیاں روز بروز بڑھتی چلی جا رہی ہیں تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ امت مسلمہ انسانیت کے دشمن اور عالم اسلام کے قلب میں خنجر کی مانند اسرائیلی وجود کو جڑ سے اکھاڑ پھینکے۔ اس موقع پر علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی کا کہنا تھاکہ پاکستان کے غیور عوام فلسطینیوں کے ساتھ ہیں اور امریکہ سمیت اسرائیل اور دیگر قوتوں کو متنبہ کرتے ہیں کہ وہ فلسطینیوں کے حقوق کی پامالی کا سلسلہ فی الفور بند کر دیں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صابر کربلائی کا کہنا تھا کہ فلسطینی علاقے غزہ پٹی پر حملوں سمیت فلسطینی سر زمینوں پر صیہونی آباد کاری کے عمل کو اگر نہ روکا گیا تو پاکستان سے صیہونی بستیوں کی آبادکاری کے خلاف احتجاجی تحریک کا آغاز کریں گے۔ اس موقع پر انہوں نے مشرق وسطیٰ میں جاری بحرانی صورتحال کا ذمہ دار عالمی دہشت گرد امریکہ اور اس کی ناجائز اولاد اسرائیل کو قرار دیا اور خطے کی غیر مستحکم صورتحال کا ذمہ دار اسرائیل کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ خطے کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے نتیجے میں سب سے زیادہ نقصان فلسطینی مزاحمت اور فلسطینی کاز کو پہنچ رہا ہے تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ مسلم امہ متحد ہوکر اپنے مشترکہ دشمن کے خلاف قیام کرے۔