خیبرایجنسی میں فورسز کی فضائی کارروائی میں 38 دہشت گرد ہلاک، بم بنانے والی فیکٹری تباہ
شیعہ نیوز (کے پی کے) وادی تیراہ میں دہشت گردوں کے مبینہ ٹھکانوں پر سیکیورٹی فورسز کے فضائی حملوں کےنتیجے میں 38 دہشت گرد ہلاک جبکہ بم بنانے والی فیکٹری سمیت بھاری مقدار میں بارودی مواد بھی تباہ کردیا گیا۔
سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے گن شپ ہیلی کاپٹروں اور جیٹ طیاروں سے اتوار کو علی الصبح خیبر ایجنسی کی وادی تیراہ کے علاقوں توت درہ، دوہ توی اورغیبی نیکہ میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کئے، حملوں کے نتیجے میں بارودی سرنگیں بنانے والی فیکٹری اور بھاری مقدار میں بارودی مواد تباہ کر ڈالا جبکہ کارروائی کے دوران کم از کم 38 دہشت گرد بھی مارے گئے۔
واضح رہے کہ 23 مغوی ایف سی اہلکاروں کے قتل اور میجر جہازیب کی شہادت کے بعد فورسز کی جانب سے وزیرستان، ہنگو اور خیبرایجنسی میں شرپسندوں کے ٹھکانوں پر فضائی حملوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں اب تک درجنوں شرپسند ہلاک ہوچکے ہیں جن میں بڑی تعداد میں غیر ملکی بھی شامل ہیں۔